
فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنز کی شروعات توقعات کے برعکس رہی۔ پورے سیزن میں ٹیم کی کامیابی کی بنیاد بننے والی سائی سدرشن اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکی۔ سدرشن 12 اور گل 10 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد گجرات کی بیٹنگ مسلسل دباؤ کا شکار رہی۔ جوس بٹلر نے 19 اور نشانت سندھو نے 20 رن بنائے، تاہم کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔
ایک مرحلے پر گجرات کا اسکور مشکلات میں گھرا ہوا تھا لیکن واشنگٹن سندر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رن بنائے۔ ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے اور اسی کی بدولت گجرات ٹائٹنز 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 155 رن تک پہنچ سکی۔






