کانگریس پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے مرکزی وزیر بنڈی سنجے کمار کے بیٹے بھاگیرتھ پر ایک نابالغ لڑکی کے جنسی استحصال کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار کے نشے میں بی جے پی لیڈروں کے اہل خانہ قانون کو خاطر میں نہیں لا رہے ہیں۔
کانگریس کی پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھاگیرتھ نے ایک فارم ہاؤس پر نابالغ لڑکی کو پہلے زبردستی شراب پلائی اور اس کے بعد اس کا جنسی استحصال کیا۔ پوسٹ کے مطابق جب لڑکی نے اس کی مخالفت کی تو بھاگیرتھ نے اسے دھمکایا، مارپیٹ کی اور منہ بند رکھنے کی دھمکی دی۔ کانگریس نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی لیڈر کے بیٹے نے متاثرہ لڑکی کے والدین کو بھی دھمکیاں دیں۔ لڑکی کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے اس معاملے میں پوکسو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ بنڈی سنجے کمار کا بیٹا اس سے پہلے بھی کئی تنازعات میں ملوث رہا ہے۔ پارٹی کے مطابق اس پر لوگوں کو ڈرانے دھمکانے، لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور یونیورسٹی میں طالبات کے ساتھ مار پیٹ جیسے الزامات لگتے رہے ہیں۔ پارٹی نے مزید کہا کہ بھاگیرتھ مبینہ طور پر یہ کہتا پھرتا ہے کہ اس کا باپ وزیر ہے، اس لیے کوئی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔
اس معاملے کو کانگریس نے بی جے پی کے کردار سے جوڑتے ہوئے سخت الفاظ استعمال کیے ہیں۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’دراصل بھاگیرتھ کا کردار ہی بی جے پی کا چال، کردار اور چہرہ ہے، جہاں اقتدار کے نشے میں چور بی جے پی کے لوگ ہر غلط کام کر رہے ہیں۔‘‘ پارٹی نے مزید الزام عائد کیا کہ غنڈہ گردی کرنا، وصولی کرنا اور خواتین کی عزت پر ہاتھ ڈالنا ہی ان کی پہچان بن گئی ہے۔
کانگریس نے اس معاملہ میں براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا۔ پارٹی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ انہوں نے ’بڑی محنت سے‘ ایسے بے کردار لوگوں کی ٹولی تیار کی ہے، جن پر انہیں بہت فخر ہے۔ کانگریس کی اس پوسٹ کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ حالانکہ اس معاملہ پر اب تک بی جے پی یا بنڈی سنجے کمار کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔





































