
بہار کے سیمانچل علاقے سے مہاگٹھ بندھن نے ووٹروں کے حق اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ایک نئی سیاسی مہم شروع کی ہے جسے ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ووٹر لسٹ سے نام کاٹنے کے خلاف عوام میں بیداری لانا اور مرکزی و ریاستی حکومت پر سوال اٹھانا ہے۔ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی قیادت میں یہ یاترا بہار کے مختلف اضلاع سے گزر رہی ہے اور عوامی رابطہ قائم کر رہی ہے۔
ووٹر ادھیکار یاترا کا آج ساتواں دن ہے اور فی الحال یہ کٹیہار سے گزر رہی ہے۔ دوپہر کے وقفہ کے دوران مہاگٹھ بندھن کی ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی چیئرمین برائے اقلیتی شعبہ عمران پرتاپ گڑھی اور آر جے ڈی کے ایم ایل سی قاری شعیب نے خطاب کیا۔






