
مغربی بنگال اور سکم میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈ کے سبب بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی و مالی نقصان پر کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مرکز سے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر و کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتوار کو الگ الگ بیانات میں متاثرہ عوام کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی اور بچاؤ کارروائیوں میں تیزی لانے پر زور دیا۔
راہل گاندھی نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’مغربی بنگال اور سکم کے مختلف حصوں میں بھاری بارش اور زمینی کھسکاؤ کے باعث کئی افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے لاپتہ ہونے کی خبر نہایت افسوسناک ہے۔ میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ لاپتہ افراد جلد محفوظ مل جائیں۔‘‘






