
کھڑگے نے واضح کیا کہ ہر ضلع صدر کے ماتحت بلاک، منڈل اور بوتھ سطح کی کمیٹیاں تشکیل پاتی ہیں اور ان میں ایسے کارکن شامل کیے جائیں جو محنتی اور پارٹی کے نظریات کے پابند ہوں۔ انہوں نے کہا، ’’اہم ترین بات یہ ہے کہ ہمارے کارکن کانگریس کی فکر سے نہ بھٹکیں۔ چاہے کوئی انہیں لالچ دے، ان کی وفاداری پارٹی کے ساتھ قائم رہنی چاہیے۔‘‘
کانگریس صدر نے یاد دلایا کہ جب تنظیم مضبوط تھی تو پارٹی نے برسوں ملک پر حکومت کی۔ اس وقت روایت تھی کہ کسی وزیر کے ضلع دورے کے دوران سب سے پہلے ضلع صدر سے ملاقات اور دفتر کا دورہ لازمی ہوتا لیکن وقت کے ساتھ یہ روایت ٹوٹ گئی اور ذاتی پسند پر عہدے بانٹے گئے جس سے اہلیت اور نظریہ پس منظر میں چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اور راہل گاندھی نے ذاتی طور پر محسوس کیا ہے کہ تنظیم کو مستحکم کیے بغیر اور ضلع صدور کو اہمیت دیے بغیر اقتدار میں واپسی ممکن نہیں۔






