
نئی دہلی: پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی لوک سبھا کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اپوزیشن جماعتوں نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دی ہے۔ اس تحریک کی حمایت میں 118 ارکانِ پارلیمنٹ کے دستخط بتائے جا رہے ہیں، جس کے بعد ایوان میں سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
بیجو جنتا دل کے رکن پارلیمنٹ سسمت پاترا نے پیر کے روز اس پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کا موجودہ اجلاس نہایت اہم ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اسی دوران لوک سبھا اسپیکر کے خلاف پیش کی گئی تحریک پر بھی بحث ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے پر ایوان میں سنجیدہ مکالمہ، غور و فکر اور مباحثہ ہوگا تاکہ جمہوری اقدار کو برقرار رکھا جا سکے۔





