
کانگریس نے جمعہ کو الزام عائد کیا کہ ووٹر لسٹوں کے خصوصی گہرے جائزے (ایس آئی آر) کو اس طرح نافذ کیا جا رہا ہے کہ قبائلی برادری دانستہ طور پر انتخابی عمل سے باہر ہو جائے۔ پارٹی کے قبائلی شعبہ کے سربراہ وکرانت بھوریا نے کہا کہ جب بڑی تعداد میں قبائلی روزگار کی تلاش میں اپنے گاؤں چھوڑ کر باہر ہوتے ہیں، اسی وقت ایس آئی آر شروع کر دینا ان کی شناخت، شرکت اور سیاسی حق چھیننے کی منصوبہ بند کوشش ہے۔
بھوریا نے کہا کہ اس صورتحال کا سیدھا اثر ووٹر ناموں پر پڑ رہا ہے، کیونکہ گھروں میں رہ جانے والے بزرگ یا کم تعلیم یافتہ افراد نہ فارم بھر پا رہے ہیں نہ اعتراض داخل کر پا رہے ہیں۔ ان کے مطابق، ’’یہ واحد عمل نہیں جس سے قبائلی متاثر ہو رہے ہیں بلکہ یہ پوری نسل کی نمائندگی کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔‘‘





