’وہائٹ ہاؤس کورسپانڈنٹس ایسو سی ایشن‘ (ڈبلیو ایچ سی اے) کی جانب سے رواں سال 25 اپریل کو واشنگٹن میں ایک عشائیہ تقریب (ڈنر پارٹی) کا انعقاد ہونا تھا، لیکن گولی باری کی وجہ سے رخنہ اندازی پیدا ہوئی اور پروگرام ملتوی کر دیا گیا۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ آئندہ 24 جولائی کو اس عشائیہ تقریب میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی شرکت ہوگی۔ ٹرمپ نے خود ’ٹروتھ سوشل‘ پر اس کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ انھیں اس تقریب میں شرکت اور خطاب کرنے کی دعوت دی گئی ہے، جسے انھوں نے قبول بھی کر لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 25 اپریل کو واشنگٹن میں منعقد ہونے والی اس عشائیہ تقریب کے دوران ایک حملہ آور سیکورٹی چوکی تک پہنچ گیا تھا، جس کے بعد اس نے شاٹ گن سے فائرنگ کر دی۔ اس وقت ٹرمپ بھی تقریب میں موجود تھے۔ سیکورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا تھا۔ واقعہ کے بعد تقریب کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔
ڈبلیو ایچ سی اے کی صدر اور ’سی بی ایس نیوز‘ کی سینئر وہائٹ ہاؤس نامہ نگار ویجیا جیانگ نے ایسوسی ایشن کے اراکین کو ایک خط لکھ کر بتایا کہ تقریب کو دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اس مرتبہ سیکورٹی انتظامات پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت ہوں گے۔ اس کے علاوہ تقریب میں داخلے کے لیے نیا طریقۂ کار بھی نافذ کیا جائے گا۔‘‘
ٹرمپ نے بتایا کہ یہ تقریب واشنگٹن کے والڈورف آسٹوریا ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ اس ہوٹل کو پہلے ٹرمپ آرگنائزیشن نے تیار کیا تھا، تاہم کمپنی نے اسے 2022 میں فروخت کر دیا تھا۔ ویجیا جیانگ کے مطابق ایسوسی ایشن نے اضافی فنڈز جمع کیے ہیں تاکہ جن افراد نے پہلے ہی ٹکٹ خرید لیے تھے، انہیں دوبارہ ادائیگی نہ کرنی پڑے۔ یہ سالانہ تقریب ایک صدی سے بھی زیادہ عرصہ سے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس کے ذریعہ صحافت کے طلبا کے لیے وظائف کی مد میں فنڈز جمع کیے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ امریکی آئین میں دی گئی اظہار رائے کی آزادی اور آزاد صحافت کے حق کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
2011 میں اس وقت کے صدر براک اوباما نے اسی تقریب میں ڈونالڈ ٹرمپ پر طنزیہ انداز میں مذاق کیا تھا۔ اس وقت ٹرمپ ایک کاروباری شخصیت اور ٹی وی اسٹار کی حیثیت سے اس تقریب میں شریک ہوئے تھے۔



































