
مہیلا کانگریس نے مرکزی حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم نریندر مودی سے خواتین ریزرویشن بل کو فوری نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مہم بھی شروع کی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے مہیلا کانگریس اس معاملے پر مہم چلا رہی ہے۔ اس کے تسلسل میں جمعرات کو دہلی مہیلا کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو پوسٹ کارڈ بھیج کر ناری شکتی وندن ایکٹ کو فوری طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دہلی مہیلا کانگریس کی صدر پشپا سنگھ نے کہا کہ ہماری قومی صدر الکا لامبا کی رہنمائی اور اعلیٰ قیادت اور عوام کے ہر دل عزیز لیڈرراہل گاندھی کی ایما پر ہم نے آج دہلی میں اس دو ماہ طویل پوسٹ کارڈ مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ مہم ملک بھر میں جاری رہے گی۔ دہلی میں تقریباً 14,000 بوتھ ہیں۔ ہر بوتھ سے 1000 پوسٹ کارڈ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھیجے جائیں گے، جس میں ان پر زور دیا جائے گا کہ وہ ناری شکتی وندن ایکٹ کو فوری طور پر نافذ کریں۔





