
تصویر بہ شکریہ: پی آئی بی
نئی دہلی: بہار کی سمراٹ چودھری حکومت نے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے’ وندے ماترم‘کو لازمی کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کسی بھی پروگرام کے اختتام پر ریاستی گیت’میرے بھارت کے کنٹھ ہار‘ گانے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اتوار (26 اپریل) کو جاری ایک آرڈر، جو تمام ایڈیشنل چیف سکریٹری، پرنسپل سیکریٹری اور سکریٹری سمیت محکموں کے سربراہان، بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، ڈویژنل کمشنرز اور ضلع مجسٹریٹس کو مخاطب ہے، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (جی اے ڈی) نے کہا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے پروگراموں کی شروعات وندے ماترم کے گانے سے کی جائے گی اور اس کے بعد قومی ترانہ گایا جائے گا۔
سرکاری فیصلے کے مطابق، اس عمل کے بعد ہی کسی سرکاری پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جبکہ پروگرام کا اختتام بہار کے ریاستی گیت ’میرے بھارت کے کنٹھ ہار‘گانے سے کیا جائے گا۔
حکومت نے کہا ہے کہ اس کا مقصد لوگوں میں قوم پرستی، شناخت اور فخر کے احساس کو فروغ دینا ہے۔ بہار کی شاندار تاریخ کو پہچاننے کے لیے بہار کا ریاستی گانا گانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
قابل ذکر یہ ہے کہ یہ 28 جنوری 2026 کو مرکزی حکومت کے اس آرڈر کا اعادہ ہے، جس میں تمام سرکاری تقریبات، اسکولوں اور اہم عوامی پروگراموں میں قومی ترانہ اور قومی گیت گانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ تاہم، اس سے پہلے قومی گیت سے آغاز کرنا لازمی نہیں تھا۔
معلوم ہو کہ مرکز کے آرڈر سے پہلے وندے ماترم کے حوالے سے باضابطہ کوئی پروٹوکول موجود نہیں تھا، لیکن 28 جنوری کو جاری وزارت داخلہ کے حکم میں کہا گیا کہ اب قومی ترانے کی طرح وندے ماترم کے دوران بھی کھڑا ہونا لازمی ہوگا۔ کسی بھی سرکاری تقریب میں چھ بندوں پر مشتمل مکمل قومی گیت بجایا جائے گا۔
حکومت کے آرڈر میں ان مواقع اور تقریبات کو تین زمروں میں بھی تقسیم کیا گیا تھا، جہاں یہ نغمے بجائے جائیں گے یا بجائے جا سکتے ہیں۔ اسے مرکزی حکومت کی جانب سے وندے ماترم کو مقبول بنانے کی کوششوں کے طور پر دیکھا گیا۔ اس سے قبل قومی گیت کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر پارلیامنٹ میں شدید بحث ہوئی تھی اور یوم جمہوریہ کی پریڈ کے دوران اس گیت پر مبنی کئی جھانکیاں بھی پیش کی گئی تھیں۔
وہیں، بہار حکومت نے قومی گیت کے ساتھ ریاستی گیت کو بھی نہ صرف شامل کیا ہے بلکہ نغموں کو بجانے کی ترتیب بھی طے کر دی ہے۔
بہار کا ریاستی گیت ’میرے بھارت کے کنٹھ ہار‘مارچ 2012 میں یوم تاسیس کی تقریب کے دوران شامل کیا گیا تھا۔
Categories: خبریں






