نئی دہلی: مشہور ’اسپتال گھوٹالہ‘ معاملہ میں عآپ اور بی جے پی کے درمیان پوشیدہ اتحاد کا الزام عائد کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’بدعنوانی میں ڈوبا کیجریوال گینگ ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے اور جھوٹا جشن منا رہا ہے، جبکہ یہ وقت ان کی خود احتسابی اور کفارہ ادا کرنے کا ہے، کیونکہ دہلی میں شکست کے بعد دہلی میں ان کے سرگرم لیڈران کے ذریعہ کی گئی بدعنوانی کے خلاف جانچ کے حکم جاری ہو رہے ہیں۔‘‘
دیویندر یادو نے کہا کہ جیسے ہی 24 اسپتالوں کی تعمیر میں ہزاروں کروڑ روپے لوٹ کی جانچ کو منظوری ملی، کیجریوال اور ان کے ساتھی متحد ہو کر دہلی میں اپنی سازشوں کو پھر سے زندہ کرنے میں مصروف ہو گئے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ دہلی میں شکست کے بعد جو کیجریوال پنجاب سے اپنی پارٹی کو کنٹرول کر رہے تھے، اب بی جے پی کے ’آشیرواد‘ سے دہلی میں اپنے بدعنوان نظام کو دوبارہ فعال کر رہے ہیں۔ یہ وہی کیجریوال ہیں جو مختلف گھوٹالوں میں کلیدی ملزم ہوتے ہوئے بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں، کیونکہ بی جے پی انھیں کانگریس کے خلاف اپنے سیاسی ایجنڈے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ انسداد بدعنوانی بیورو کی ابتدائی جانچ رپورٹ سے واضح ہوا ہوا ہے کہ 19-2018 میں منظور 24 اسپتالوں کے پروجیکٹس میں قصداً اخراجات بڑھائے گئے، وسائل کا غلط استعمال کیا گیا اور پروجیکٹس کو ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ جب کانگریس نے بار بار اس گھوٹالے کو اٹھایا، تب کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ لیکن اب بہار اسمبلی انتخاب نزدیک آنے پر بی جے پی کو اچانک اس معاملے کی جانچ یاد آ گئی۔ یہ کوئی اتفاق نہیں، بلکہ بی جے پی کی ایک سوچی سمجھی سیاسی سازش ہے۔
دہلی کانگریس صدر کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ گجرات کے وساوَدَر ضمنی انتخاب میں عآپ کی جیت کے پیچھے بھی بی جے پی کا ایجنڈہ پوشیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ اب واضح ہے کہ بی جے پی اور عآپ کا خفیہ اتحاد کوئی افواہ نہیں، بلکہ ایک سیاسی معاہدہ ہے۔ یہی اتحاد عآپ کو قومی پارٹی کا درجہ دلانے کے پیچھے بھی تھا، یہ وہی پارٹی ہے جس نے کئی ریاستوں میں ضمانت ضبط کروائی ہے۔‘‘ دیویندر یادو کے مطابق ’’کلاس روم گھوٹالہ، اسپتال گھوٹالہ، شراب گھوٹالہ اور کیگ رپورٹ میں ظاہر بدعنوانی سے کیجریوال حکومت کا حقیقی چہرہ لوگوں کے سامنے ہے۔ ان کے ’بدعنوان ماڈل‘ کو بی جے پی نے نہ صرف تحفظ فراہم کیا ہے، بلکہ اس کی آڑ میں سیاسی فائدہ بھی حاصل کیا۔ یہ اتحاد اب خاموشی سے نہیں، بلکہ کھلے عام دہلی کی عوام کو دھوکہ دے رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔