روہت شرما اب باضابطہ طور پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیے ونڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے موہندر امرناتھ کا 37 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ دھرم شالا میں کھیلے جا رہے ہندوستان بمقابلہ افغانستان پہلے ونڈے میچ میں روہت پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں، اور آج ان کی عمر 39 سال 44 دن ہے۔
دھرم شالا میں کھیلا جا رہا پہلا ونڈے مقررہ وقت سے 4 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ روہت شرما نے جیسے ہی میدان میں قدم رکھا، انہوں نے موہندر امرناتھ کا وہ ریکارڈ توڑ دیا جو 37 سالوں سے قائم تھا۔ آج سے پہلے تک وہ ہندوستان کے لیے ونڈے کھیلنے والے معمر ترین کھلاڑی تھے۔ موہندر امرناتھ نے 30 اکتوبر 1989 کو اپنا آخری میچ کھیلا تھا تو ان کی عمر 39 سال 36 دن تھی۔ لیکن اب روہت ہندوستان کے لیے ونڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ویسے عالمی سطح پر یہ ریکارڈ نیدرلینڈز کے نولن کلارک کے نام ہے، جنہوں نے 47 سال 257 دن کی عمر میں ونڈے میچ کھیلا تھا۔
بہرحال، افغانستان کے خلاف پہلے ونڈے میں ہندوستان کی طرف سے 2 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا ہے۔ ہرش دوبے اور گرنور برار دھرم شالا میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں۔ بارش کے باعث یہ میچ 4 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، جس کی وجہ سے 25-25 اووروں کا ہی کھیل مقرر کیا گیا ہے۔ یعنی دونوں ہی ٹیمیں 25-25 اوورس کھیلیں گی۔
پہلے ونڈے میں ہندوستان کی پلیئنگ الیون:
شبھمن گل (کپتان)، روہت شرما، کے ایل راہل، شریئس ایئر (نائب کپتان)، ایشان کشن، واشنگٹن سندر، نتیش کمار ریڈی، ہرش دوبے، گرنور برار، عرشدیپ سنگھ، پرسدھ کرشنا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































