امریکہ میں تلنگانہ کے ایک نوجوان کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔ نوجوان وہاں پارٹ ٹائم پیزا ڈیلیوری کا کام کرتا تھا۔ واقعہ کے وقت وہ ایک آرڈر کی ڈیلیوری دینے گیا تھا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پیزا کا وہ آرڈر فرضی تھا۔ 28 سالہ انشل کنچا کی موت امریکہ کی ریاست پنسلوانیا کے شمال مشرقی شہر فلاڈیلفیا میں ہوئی۔ اہل خانہ سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق انشل تلنگانہ کے ضلع میڈچل-ملکاجگیری کے گنڈلاپوچم پلی کا رہنے والا تھا۔ وہ ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں نوکری کرتا تھا، لیکن ساتھ ہی ویک اینڈ پر اضافی آمدنی کے لیے پارٹ ٹائم پیزا ڈیلیوری کا کام بھی کرتا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ انشل کو دیر رات ایک سنسان جگہ پر پیزا ڈیلیور کرنے کا آرڈر ملا۔ جب وہ وہاں پہنچا تو 2 نامعلوم افراد نے اس پر گولیاں چلا دیں۔ انہوں نے انشل کے سر میں کئی گولیاں ماریں اور پھر موقع سے فرار ہو گئے۔ اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ سب سے زیادہ حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ وہاں سے کوئی بھی چیز چوری نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے قتل کے پیچھے چھپی وجوہات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اہل خانہ کو ملنے والی رپورٹس کے مطابق واقعے کے وقت علاقے میں 2 نقاب پوش افراد کو بیگ لے کر گھومتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔
اہل خانہ کا الزام ہے کہ پیزا ڈیلیوری کا آرڈر اسے پھنسانے کے لیے ایک جال تھا۔ انشل کی بہن تانوی نے کہا کہ ’’اسے ایک سنسان جگہ پر پیزا ڈیلیور کرنے کے لیے بلایا گیا تھا، لیکن بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ایک فرضی آرڈر تھا۔ وہاں کوئی نہیں تھا، یہ اسے مارنے کے لیے بچھایا گیا جال تھا۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ان کا مقصد کیا تھا۔‘‘ اہل خانہ نے یہ بھی بتایا کہ انشل پہلے بھی امریکہ میں لوٹ مار کا شکار ہو چکا تھا، جس میں اس کا فون، چین اور نقدی چھین لی گئی تھی۔ انشل 2023 میں ایم بی اے کی پڑھائی کرنے امریکہ گیا تھا۔
مقتول کے اہل خانہ نے اب مرکزی اور ریاستی حکومت سے اپیل کی ہے کہ اس کی لاش کو جلد از جلد ہندوستان لانے میں مدد کی جائے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امریکی حکام ممکنہ طور پر پیر تک مقتول کا جسد خاکی اہل خانہ کے سپرد کر سکتے ہیں، لیکن خاندان چاہتا ہے کہ یہ کارروائی جلد مکمل ہو۔ نیویارک میں واقع ہندوستانی قونصلیٹ نے کہا ہے کہ وہ مقامی حکام اور اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہندوستانی قونصلیٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ہم فلاڈیلفیا، پنسلوانیا میں ہندوستانی شہری انشل کنچا کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور دلی تعزیت ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ قونصل خانہ انشل کے اہل خانہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔‘‘
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

































