
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے اسمبلی حلقے میں تقریباً 200 مکانات کی مسماری کی سخت مذمت کرتے ہوئے بی جے پی حکومت کو غریب اور عوام مخالف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران غریبوں کے نام پر ووٹ مانگنے والی بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد انہی لوگوں کو بے گھر کرنے میں مصروف ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ جن خاندانوں کے گھر منہدم کیے گئے وہ نہ زمین مافیا تھے اور نہ ہی قبضہ کرنے والے عناصر، بلکہ وہ ایسے محنت کش شہری تھے جو کئی دہائیوں سے اس علاقے میں رہ رہے تھے اور اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے مکانات تعمیر یا خرید چکے تھے۔ ان کے مطابق یہ علاقہ شالیمار گاؤں سے متصل ایک پرانی آبادی کا حصہ ہے اور بی جے پی ماضی میں اس سمیت 1511 غیر مجاز کالونیوں کو باقاعدہ بنانے کا دعویٰ کرتی رہی ہے۔






