
اجلاس کے دوران اس بات پر خاص توجہ دی گئی کہ مائتھوس اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث روایتی سائبر سکیورٹی نظام کے لیے چیلنج بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ماڈل کمپیوٹر سسٹمز، ویب براؤزرز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز میں موجود ایسی خامیوں کی نشاندہی کر سکتا ہے، جو طویل عرصے سے پوشیدہ رہی ہیں۔ یہی صلاحیت اسے نہ صرف مفید بلکہ ممکنہ طور پر خطرناک بھی بناتی ہے، خاص طور پر اگر اس کا غلط استعمال کیا جائے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے اجلاس میں کہا کہ مائتھوس جیسے جدید اے آئی ماڈلز کے اثرات غیر معمولی نوعیت کے ہو سکتے ہیں، اس لیے مالیاتی اداروں کو اپنی سکیورٹی حکمت عملیوں کو فوری طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے اور کسی بھی ممکنہ سائبر حملے سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری ضروری ہے۔






