
مرکزی حکومت نے ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ جاری اسمبلی انتخابات کے خاتمے کے فوراً بعد ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 25 سے 28 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اس طرح کا کوئی بھی منصوبہ نہ تو زیر غور ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تجویز پیش کی گئی ہے۔
پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں ایندھن کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا ذکر کیا جا رہا ہے، جو مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ وزارت نے کہا کہ حکومت کے سامنے ایسا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔






