دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ (آئی جی آئی) پر بڑھتی ہوئی بھیڑ اور ٹریفک جام جلد ہی ماضی کا حصہ بننے والے ہیں۔ دہلی-این سی آر اور مغربی اتر پردیش کے لوگوں کے لیے ہفتہ کا دن ایک نئی سوغات لے کر آ رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی 28 مارچ (ہفتہ) کو جیور میں ’نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ کے پہلے مرحلہ کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ یہ صرف ایک نیا ہوائی اڈہ نہیں بلکہ ملک کے ہوا بازی (ایوی ایشن) شعبہ کے لیے ایک بڑا اور تاریخی قدم ہے۔ یہ میگا پروجیکٹ کئی معنوں میں اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ عام مسافروں کے لیے کئی طرح کی سہولیات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی کا آئی جی آئی ایئرپورٹ اس وقت ملک کا سب سے مصروف ہوائی اڈہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یہ ایئرپورٹ تقریباً 8 کروڑ مسافروں کا بھاری بوجھ سنبھالتا ہے۔ اتنی بڑی تعداد کے باعث مسافروں کو اکثر چیک اِن، سیکورٹی جانچ اور بیگیج کلیم میں طویل وقت گزارنا پڑتا ہے۔ اسی دباؤ کو کم کرنے کے لیے سال 2021 میں نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ یہ دہلی-این سی آر کا دوسرا بین الاقوامی ہوائی اڈہ ہوگا۔ اس کے شروع ہونے سے نہ صرف دہلی ایئرپورٹ پر مسافروں کی بھیڑ کم ہوگی بلکہ مغربی اتر پردیش کے لوگوں کو پرواز کے لیے دہلی تک کا طویل سفر بھی طے نہیں کرنا پڑے گا۔
اب تک جو جانکاری فراہم کی گئی ہے، اس کے مطابق نوئیڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک بڑے ’گیٹ وے‘ یعنی داخل ہونے کے لیے ایک اہم دروازہ کے طور پر کام کرے گا۔ ہندوستان اپنی ثقافت اور روحانیت کے لیے پوری دنیا میں جانا جاتا ہے۔ اب تک غیر ملکی یا گھریلو سیاحوں کو تاج محل دیکھنے، متھرا اور ورنداون کی زیارت کرنے، پریاگ راج کے کمبھ میلہ میں شرکت کرنے یا پھر شراوستی اور کوشی نگر جیسے اہم بدھ مت مقامات تک پہنچنے کے لیے بڑی حد تک دہلی ایئرپورٹ پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔ جیور ایئرپورٹ کے آغاز سے ان تمام تاریخی، ثقافتی اور روحانی مقامات کی دوری کافی کم ہو جائے گی، جس سے سیاحت کو نئی رفتار ملے گی اور مسافروں کے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔





































