ایران اور امریکہ-اسرائیل جنگ کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے۔ اس جنگ کا اثر اب عام لوگوں پر بھی پڑنے لگا ہے۔ وہیں دوسری جانب اب بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ دوسرے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جنگ کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی حکومت کی جانب سے بھی بڑا قدم اٹھایا گیا ہے، جو ہندوستان میں پھنسے خلیجی ممالک کے لوگوں کے لیے راحت بخش رہنے والا ہے۔
ہندوستان ان غیر ملکی شہریوں کو 30 دن کی ویزا توسیع دے گا اور زیادہ قیام پر لگنے والا جرمانہ معاف کر دے گا، جو ایران اور امریکہ-اسرائیل جنگ کے باعث ملک میں پھنس گئے ہیں۔ دبئی میں ہندوستانی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ یہ امدادی اقدامات ان مسافروں کی مدد کے لیے شروع کیے جا رہے ہیں جو خلیجی خطے میں جاری تنازعہ کی وجہ سے ہندوستان سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں، کیونکہ کئی ممالک کے لیے پروازیں اب بھی معطل ہیں۔
سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کے ویزا/ای ویزا جن کی مدت ختم ہو رہی ہے یا جلد ہی ختم ہونے والی ہے۔ متاثرہ شہریوں کے لیے متعلقہ ایف پی آر او (فارن ریجنل رجسٹریشن آفس) کی جانب سے انفرادی بنیادوں پر ایک ماہ کی مدت کے لیے مفت توسیع کی جائے گی۔ 28 فروری 2026 کے بعد مغربی ایشیا میں جاری صورت حال کی وجہ سے متاثرہ غیر ملکی شہریوں پر زیادہ قیام کرنے کی صورت میں عائد ہونے والا کوئی بھی جرمانہ معاف کر دیا جائے گا۔
سفارت خانے نے یہ بھی اعلان کیا کہ متاثرہ غیر ملی شہریوں کو ایگزٹ پرمٹ دیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ غیر ملکی شہریوں کی جانب سے ایگزٹ پرمٹ کے لیے درخواست نہ دینا یا ویزا کی توسیع نہ لینا، امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی نہیں سمجھا جائے گا۔ ہندوستان نے ان غیر ملکی شہریوں کو بھی مفت میں عارضی لینڈنگ پرمٹ (ٹی ایل پی) دینے کا فیصلہ کیا ہے، جن کی پروازیں مغربی ایشیا کی فضائی حدود میں رکاوٹوں کے باعث ہندوستان کی طرف موڑ دی گئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور امریکہ-اسرائیل جنگ میں تقریباً 2 ہفتے مکمل ہو چکے ہیں۔ اس جنگ میں اب تک 2000 سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں، جن میں سے اکثریت کا تعلق ایران سے ہے لیکن لبنان میں بھی بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دوسری جانب خلیجی خطے میں بھی مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لاکھوں لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




































