بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) 15 مارچ کو نئی دہلی میں اپنی سالانہ ایوارڈ تقریب ’نمن‘ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے۔ اس خاص تقریب میں گزشتہ ایک سال کے دوران آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے والی 5 ہندوستانی کرکٹ ٹیموں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ یعنی ہندوستان کی 5 کرکٹ ٹیموں کو ’سلام‘ پیش کرنے کی تیاری ہو چکی ہے۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری دیوجت سیکیا نے منگل (10 مارچ) کو اس کے متعلق اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں ہندوستانی کرکٹ کی حالیہ بین الاقوامی کامیابیوں کا جشن منایا جائے گا۔ ساتھ ہی 25-2024 کے سیزن میں بین الاقوامی اور گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی اس تقریب میں گزشتہ ایک سال میں آئی سی سی خطاب جیتنے والی 5 الگ الگ ہندوستانی ٹیموں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ان میں حال ہی میں ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 جیتنے والی ہندوستانی مردوں کی ٹیم بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ 2025 ونڈے ورلڈ کپ چمپئن سینئر خواتین ٹیم، 2026 انڈر-19 ورلڈ کپ چمپئن آیوش مہاترے کی ٹیم اور 2025 انڈر-19 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی خواتین ٹیم شامل ہیں۔ ٹیم کے ساتھ کوچنگ اسٹاف کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا جائے گا۔
دیوجیت سیکیا نے بتایا کہ بی سی سی آئی کی ایوارڈ تقریب 15 مارچ کو نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم حال ہی میں ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم سمیت تمام آئی سی سی ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیموں اور ان کے کوچوں کو مدعو کرنے جا رہے ہیں۔ سینئر مردوں کی ٹیم کے علاوہ سینئر خواتین کی ٹیم، انڈر-19 لڑکوں اور انڈر-19 لڑکیوں کی ٹیم، جنہوں نے 2025 میں ٹرافی جیتی تھی، انہیں بھی بلایا جائے گا۔
بی سی سی آئی سکریٹری نے مزید بتایا کہ 2025 میں چمپئنز ٹرافی جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی اس تقریب میں اعزاز سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2025 چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کریں گے۔ گزشتہ تقریباً ایک سال میں ہندوستانی ٹیموں نے مجموعی طور پر 5 آئی سی سی ٹرافیاں جیتی ہیں اور ان تمام ٹیموں کے اراکین کو اس ایوارڈ نائٹ میں نوازا جائے گا۔ یہ ایک شاندار شام ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق یہ تقریب نئی دہلی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد کی جائے گی، جو ایئرپورٹ کے قریب واقع ہوگا۔ ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو تقریب کے بعد براہ راست اپنی اپنی فرنچائزی کے ساتھ شامل ہونا ہے۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل 2026 کا سیزن جلد ہی شروع ہونے والا ہے، جس کے حتمی شیڈول کا اعلان 12 مارچ کو کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔































