نئی دہلی: احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 96 رن کے بڑے فرق سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا بلکہ ٹی-20 ورلڈ کپ تیسری بار جیتنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی۔ اس تاریخی کامیابی پر صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر دروپدی مرمو نے اپنی مبارکبادی پیغام میں کہا کہ آئی سی سی مینز ٹی-20 ورلڈ کپ جیت کر ٹیم انڈیا نے تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ہندوستان اس بات پر فخر محسوس کرتا ہے کہ ملک کی ٹیم 3 مرتبہ یہ خطاب جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل دو مرتبہ یہ خطاب جیتنا بھی ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے کرکٹ کے شائقین میں بے حد خوشی اور فخر کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔ صدر نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور معاون عملے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ہندوستانی ٹیم مستقبل میں بھی اسی طرح ملک کا نام روشن کرتی رہے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹیم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز! آئی سی سی مینز ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے پر ہندوستانی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی غیر معمولی مہارت، مضبوط عزم اور بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران غیر معمولی حوصلہ اور اعتماد کا مظاہرہ کیا، جس نے ہر ہندوستانی کے دل کو فخر اور خوشی سے بھر دیا۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں شاندار فتح پر ٹیم انڈیا کو دل سے مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ آج 140 کروڑ ہندوستانیوں کو اپنی ٹیم پر بے حد فخر ہے۔ کھڑگے نے کپتان سوریہ کمار یادو کی قیادت کو سراہتے ہوئے سنجو سیمسن کو فائنل کا نجات دہندہ قرار دیا، جبکہ ایشان کشن کو خاموش ہیرو بتایا۔ انہوں نے ہاردک پانڈیا، تلک ورما، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، ابھیشیک شرما اور جسپریت بمراہ کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور پوری ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
راہل گاندھی نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایک بار پھر چیمپئن۔ انہوں نے کہا کہ مین اِن بلیو کی یہ شاندار جیت پورے ملک کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ راہل گاندھی نے خاص طور پر سنجو سیمسن اور جسپریت بمراہ کی پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا ذکر کیا اور ٹیم کو گھریلو میدان پر خطاب برقرار رکھنے پر مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے سامنے 256 رن کا بڑا ہدف رکھا تھا۔ اس بڑے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 19 اوور میں 159 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح ہندوستان نے 96 رن کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک اور یادگار تاریخ رقم کر دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































