
وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے آج پارلیمنٹ میں مالی سال 2026-27 کا مرکزی بجٹ پیش کیا۔ یہ ان کی مسلسل نویں بجٹ تقریر تھی۔ وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں اصلاحات، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے ہدف پر توجہ دی گئی ہے۔ بجٹ تقریر اور دستاویز میں حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں سے متعلق متعدد اعلانات شامل ہیں۔
1۔ بنیادی ڈھانچے کے لیے 12.2 لاکھ کروڑ روپے
وزیرِ خزانہ کے مطابق حکومت نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے 12.2 لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 9 فیصد زیادہ ہے اور اس کا مقصد سڑکوں، پلوں، بجلی اور دیگر منصوبوں کے کام میں تیزی لانا ہے۔






