
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سید ناصر حسین کے مطابق، اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں منریگا سب سے بڑا اور مرکزی مسئلہ ہوگا۔ پارٹی کا موقف ہے کہ حکومت نے اس اسکیم کو کمزور کیا ہے، جس کا براہِ راست اثر دیہی مزدوروں اور کمزور طبقات پر پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایس آئی آر معاملے کو بھی پوری شدت کے ساتھ ایوان میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
میٹنگ میں ماحولیاتی خدشات سے جڑے معاملات پر بھی توجہ دی گئی۔ کانگریس نے طے کیا کہ اراولی پہاڑی سلسلے اور گریٹ نکوبار پروجیکٹ سے متعلق امور کو پارلیمنٹ میں نمایاں طور پر پیش کیا جائے گا۔ پارٹی کے مطابق، ان منصوبوں سے ماحولیات، حیاتیاتی تنوع اور مقامی آبادی کے مفادات کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس پر حکومت سے جواب طلب کیا جانا ضروری ہے۔





