
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ’امن ایوارڈ‘ حاصل کرنے کا خواب آخر کار شرمندۂ تعبیر ہو ہی گیا۔ انھیں نوبل امن انعام بھلے ہی نہیں مل پایا، لیکن فیفا کی طرف سے شروع کیے گئے نئے ’امن ایوارڈ‘ کو حاصل کرنے میں وہ کامیاب ہو گئے۔ ’فیفا عالمی کپ 2026‘ کے لیے ڈرا کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ کو پہلے ’فیفا امن ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ جمعہ کے روز امریکہ کی راجدھانی واشنگٹن ڈی سی کے کینیڈی سنٹر میں منعقد ایک تقریب میں ٹرمپ کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔ اس تقریب میں انھیں گولڈ ٹرافی اور میڈل پیش کیا گیا۔ فیفا نے اِسی سال سے یہ ایوارڈ شروع کیا ہے، اور پہلا ایوارڈ ٹرمپ کے نام گیا ہے۔





