
نئی دہلی: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے سرکاری دورۂ ہندوستان کا آغاز راشٹرپتی بھون میں منعقدہ شاندار استقبالیہ تقریب سے کیا، جہاں ہندوستان کی صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبالیہ کے دوران پوتن کو باوقار گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ پہلے روس کا اور پھر ہندوستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد پوتن نے گارڈ کا معائنہ کیا اور احتراماً سر ہلا کر سلامی قبول کی۔
استقبالیہ کے بعد پوتن نے روسی وفد کے اہم اراکین کا تعارف صدر مرمو اور وزیر اعظم مودی سے کرایا۔ اس طرح ان کا باضابطہ دو روزہ دورہ شروع ہوا، جس کے ایجنڈے میں دفاع، توانائی تعاون، علاقائی سلامتی، سرمایہ کاری اور طویل المدتی اقتصادی شراکت داری جیسے کلیدی امور شامل ہیں۔





