
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس اعلان نے عالمی سفارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے کہ آئندہ جی-20 سمٹ، جو امریکہ میں منعقد ہوگا، اس میں جنوبی افریقہ کو شامل نہیں کیا جائے گا۔ ٹرمپ کے مطابق جنوبی افریقہ کو 2026 کے اجلاس کا دعوت نامہ بھی نہیں بھیجا جائے گا۔ اس فیصلے نے نہ صرف افریقہ بلکہ جی-20 کے مستقل اراکین کے مابین بھی نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
ٹرمپ کے اعلان پر انڈین نیشنل کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے غلط روایت اور جغرافیائی سیاست کو کمزور کرنے والی حرکت قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر وہ خود کو ’گلوبل ساؤتھ‘ اور خصوصاً ’افریقہ کا چیمپئن‘ سمجھتے ہیں تو پھر انہیں اس معاملے پر اپنے ’اچھے دوست‘ کی پالیسی پر سوال اٹھانا چاہیے۔






