
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انل امبانی کی سربراہی والے انل دھیروبھائی امبانی گروپ (ای ڈی اے جی) کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے 1400 کروڑ روپے مالیت کی نئی غیر منقولہ جائدادوں کو ضبط کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس تازہ کارروائی کے بعد ای ڈی کے ذریعے ضبط کی گئی مجموعی جائدادوں کی مالیت بڑھ کر تقریباً 9,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ای ڈی کی کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مرکزی ایجنسی فیما کی جانچ کے سلسلے میں انل امبانی کو کئی مرتبہ سمن بھیج چکی ہے لیکن وہ اب تک ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ انہیں 17 نومبر کو دہلی واقع ای ڈی ہیڈکوارٹر میں پیش ہونا تھا، جہاں جےپور–رِینگس ہائی وے پروجیکٹ سے متعلق فیما معاملے میں ان سے دوسری مرتبہ پوچھ گچھ طے تھی۔ تاہم، انل امبانی نے حاضری سے گریز کرتے ہوئے ورچوئل پیشی کی درخواست دی، جسے ای ڈی نے نامنظور کر دیا۔





