
ممبئی: ممبئی سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 129 کو ہفتہ کی صبح تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث پرواز میں تقریباً 8 گھنٹے کی تاخیر ہوگئی۔ تازہ ترین اطلاع موصول ہونے تک یہ فلائٹ ممبئی ایئرپورٹ پر ہی کھڑی تھی، جبکہ مسافر شدید پریشانی اور تھکن کا شکار تھے۔
ایئر انڈیا کی فلائٹ کو صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے ٹیک آف کرنا تھا لیکن تکنیکی مسئلے کے سبب روانگی ممکن نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق، تمام مسافر فلائٹ میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ تک سوار رہے۔ اس دوران بار بار اعلانات کیے گئے کہ کچھ فنی خرابی کی وجہ سے پرواز تاخیر کا شکار ہے۔ آخرکار صبح تقریباً آٹھ بجکر پندرہ منٹ پر عملے کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ مسافروں کو طیارے سے اترنا ہوگا۔






