گیارہ دنوں میں چوتھی بار سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑنے کا اندیشہ

AhmadJunaidJ&K News urduMay 26, 2026358 Views


خاص خبر

دہلی اور شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں سی این جی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 11 دنوں میں چوتھی مرتبہ دام  بڑھنے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات، روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں اور گھریلو بجٹ پر اضافی دباؤ بڑھنے کا اندیشہ ہے۔

مہاراشٹر کے تھانے میں 15 مئی 2026 کو ایک فیول اسٹیشن کا ملازم آٹو رکشہ میں سی این جی بھرتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے اثرات اب ہندوستان کی ایندھن مارکیٹ میں بھی واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں۔ گزشتہ 11 دنوں میں چوتھی بار کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ منگل (26 مئی) کو دہلی اور شمالی ہندوستان کے کئی علاقوں میں سی این جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلوگرام اضافہ کیا گیا، جس کے بعد قومی دارالحکومت میں اس کی قیمت 83.09 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔

شمالی ہندوستان کی سب سے بڑی سٹی گیس ڈسٹری بیوشن کمپنی اندرپرسٹھ گیس لمیٹڈ (آئی جی ایل) کی جانب سے کیے گئے اس اضافے کے ساتھ ہی 15 مئی سے اب تک سی این جی کی قیمت میں مجموعی طور پر 6 روپے فی کلوگرام اضافہ ہو چکا ہے۔ پہلا اضافہ 15 مئی کو 2 روپے فی کلوگرام کیا گیا تھا، جبکہ اس کے بعد 17 اور 23 مئی کو ایک ایک روپے کا اضافہ کیا گیا۔

آئی جی ایل کا یہ اقدام اکیلا نہیں ہے۔ ملک کی دیگر سٹی گیس تقسیم کرنے والی کمپنیوں نے بھی مختلف مرحلوں میں قیمتیں بڑھائی ہیں۔ ممبئی کی سب سے بڑی سٹی گیس کمپنی مہانگر گیس لمیٹڈ (ایم جی ایل) نے بھی سوموار کواپنے تجارتی صارفین کے لیے جاری امدادی اسکیموں اور سبسڈی کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمپنی نے اس کی وجہ ’موجودہ جیو پولیٹیکل  حالات اور ان کے اثرات‘کو قرار دیا۔

سی این جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا اثر صرف گاڑیوں کے ایندھن کے خرچ تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی بڑھتے ہیں، جو بعد میں روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں بھی نظر آتے ہیں۔ ٹیکسی، آٹو رکشہ اور تجارتی نقل و حمل کی خدمات کے آپریٹنگ اخراجات بڑھنے سے لاجسٹکس مہنگا ہو جاتا ہے، جس کا بوجھ آخرکار صارفین پر پڑتا ہے۔

یہ اضافہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ اس ماہ کے آغاز میں 19 کلوگرام والے تجارتی ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔ مسلسل بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کا اثر اب گھریلو بجٹ پر بھی محسوس کیا جانے لگا ہے۔ ٹرانسپورٹ سے لے کر خوراک کی اشیا اور ریستوراں کی خدمات تک، مہنگائی کا دباؤ آہستہ آہستہ وسیع شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

دہلی-این سی آر میں گزشتہ اضافے کے بعد ٹیکسی یونینوں اور تجارتی ٹرانسپورٹ تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاج بھی کیا تھا۔



0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...