گزشتہ 15 اپریل کو نشا وشوکرما کی لاش برآمد ہوئی تھی، اس کے بعد سے ہی اتر پردیش میں ایک نئی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ نشا غازی پور کے کرنڈا تھانہ حلقہ واقع کٹاریا گاؤں کی باشندہ تھی۔ اس قتل معاملہ میں کانگریس مستقل آواز اٹھا رہی ہے اور متاثرہ کنبہ کو انصاف دلانے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہی ہے۔ آج اس معاملہ میں کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ جاری کیا ہے، جس میں ناانصافی کے خلاف بلاخوف و خطر آواز اٹھانے کی بات کہی گئی ہے۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش کے غازی پور میں وشوکرما سماج کی بیٹی کا بہیمانہ قتل کر دیا گیا۔ متاثرہ کنبہ انصاف کی گزارش کرتا رہا، لیکن کوئی سماعت نہیں ہوئی۔ ہم اس ناانصافی کے خلاف ہیں اور متاثرہ کنبہ کو انصاف دلا کر رہیں گے۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’کانگریس کا 21 اراکین کا نمائندہ وفد آج متاثرہ کنبہ سے ملاقات کرنے جائے گا۔ حالانکہ سچائی سے بھاگنے والی بزدل بی جے پی حکومت کانگریس کے نمائندہ وفد کو روکنے کی سازش تیار کر رہی ہے۔‘‘
کانگریس نے پارٹی نمائندہ وفد میں شامل لوگوں کو نظر بند کیے جانے کی جانکاری بھی اس سوشل میڈیا پوسٹ میں دی ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’نمائندہ وفد کے اراکین، کانگریس لیڈران اور اراکین پارلیمنٹ کو ہاؤس اریسٹ (گھر میں نظر بند) کیا گیا ہے۔ یہ سراسر تاناشاہی ہے، جس کے آگے ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔‘‘ کانگریس نے اپنے مضبوط عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت چاہے کتنا بھی زور لگا لے، متاثرین کو انصاف دلوا کر ہی رہیں گے۔ پوسٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ناانصافی کے خلاف لڑتے رہیں گے، آواز اٹھاتے رہیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

































