دنیائے کھیل کے لیے جمعہ (12 جون) کی صبح ایک نہایت افسوسناک اور حیران کر دینے والی خبر لے کر آئی ہے۔ ہندوستان کے مشہور ترین نشانے بازوں میں شمار ہونے والے اور ایشیائی کھیلوں کے گولڈ میڈلسٹ جسپال رانا کا اچانک 49 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جرمنی میں منعقدہ شوٹنگ ورلڈ کپ سے واپس لوٹتے وقت رانا کو اچانک سینے میں درد کی شکایت ہوئی، جس کے بعد انہیں دہلی کے ساکیت واقع میکس سپر اسپیشلٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہاں ان کی سرجری بھی کی گئی، لیکن اس کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا اور انہوں نے اسپتال میں آخری سانس لی۔
گزشتہ کئی برسوں سے جسپال رانا ملک کے نوجوان نشانے بازوں کو پسٹل شوٹنگ کی تربیت دے رہے تھے اور آخری وقت تک بھی وہ بطور کوچ ٹیم کے ساتھ موجود تھے۔ جرمنی کے میونخ میں 24 سے 31 مئی تک آئی ایس ایس ایف شوٹنگ ورلڈ کپ منعقد ہوا تھا، جہاں ہندوستانی خواتین نشانے بازوں نے پسٹل شوٹنگ میں 2 طلائی اور 2 چاندی کے تمغے جیتے تھے۔ اسی کامیاب ٹورنامنٹ کے بعد جب وہ ٹیم کے ساتھ واپس آ رہے تھے تو دوران پرواز ہی انہیں سینے میں درد اور بے چینی کی شکایت ہوئی۔ اس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا اور اس دوران ان کی سرجری بھی ہوئی۔ تاہم کامیاب سرجری کے باوجود 11 جون، جمعرات کی شب ان کا انتقال ہو گیا۔ نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) کے صدر کالیکیش نارائن سنگھ نے اس کی اطلاع دی۔
اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں پیدا ہونے والے جسپال رانا نے 1990 کی دہائی میں پسٹل شوٹنگ کے میدان میں ہندوستان کو عالمی سطح پر نمایاں شناخت دلائی تھی۔ 1994 کے ایشیائی کھیلوں اور کامن ویلتھ گیمز (سی ڈبلیو جی) میں انہوں نے طلائی تمغے جیت کر دنیا بھر میں نام کمایا۔ ہیروشیما ایشیائی کھیلوں میں انہوں نے 25 میٹر سینٹر فائر پسٹل شوٹنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد 2006 کے دوحہ ایشیائی کھیلوں میں بھی انہوں نے 25 میٹر زمرے کے 3 مختلف مقابلوں میں طلائی تمغے جیت کر ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ مجموعی طور پر ایشیائی کھیلوں میں جسپال رانا نے 4 طلائی، 2 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے اپنے نام کیے تھے۔ اسی طرح وکٹوریہ کامن ویلتھ گیمز 1994 میں انہوں نے اسی ایونٹ کے انفرادی اور جوڑی مقابلوں میں 2 طلائی تمغے جیت کر تہلکہ مچا دیا تھا۔ 1998 کے کھیلوں میں بھی انہوں نے اس کامیابی کو دہرایا اور دونوں طلائی تمغے دوبارہ اپنے نام کر لیے۔
تاہم جسپال کے بے خطا نشانے کا اصل جلوہ 2002 کے مانچسٹر کامن ویلتھ گیمز میں دیکھنے کو ملا، جہاں انہوں نے 25 میٹر زمرے میں ایک یا 2 نہیں بلکہ 4 طلائی تمغے ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیے تھے۔ پھر 2006 کے میلبورن کامن ویلتھ گیمز میں بھی انہیں ایک طلائی تمغہ حاصل ہوا۔ مجموعی طور پر انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں 9 طلائی، 4 چاندی اور 2 کانسی کے تمغے جیتے، جو ہندوستان کے لیے ایک ریکارڈ ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































