اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے سرپرست مرحوم ملائم سنگھ یادو کے فرزند اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کے بھائی پرتیک یادو کی باقیات (ہڈیاں) ہفتہ کے روز ہریدوار کے وی آئی پی گھاٹ پر مکمل سناتن رسم و رواج کے ساتھ گنگا میں سپردِ آب کر دی گئیں۔ تیرتھ پروہت پنڈت شلیش موہن پانڈے نے ویدک منتروں کو پڑھا اور اس کے ساتھ ’استھی وسرجن‘ کی مذہبی رسم مکمل کرائی۔
قابل ذکر ہے کہ پرتیک یادو کا گزشتہ 13 مئی کو لکھنؤ میں کارڈیو-ریسپائریٹری کولیپس (پھیپھڑوں میں خون کا لوتھڑا جم جانے) کے باعث اچانک انتقال ہو گیا تھا۔ ہفتہ کے روز پرتیک یادو کی استھیاں لے کر ان کی اہلیہ اور بی جے پی لیڈر اپرنا یادو، بیٹیاں پرتیما اور پدمجا، سسر اروند سنگھ بشٹ اور سالے امن سنگھ بشٹ ہوائی راستے سے دہرادون کے جولی گرانٹ ایئرپورٹ پہنچے۔ جولی گرانٹ سے خاندان کے افراد سیدھا ہریدوار کے وی آئی پی گھاٹ پہنچے، جہاں پرتیک یادو کی روح کے سکون کے لیے دعا کی گئی اور استھیوں کو گنگا کے حوالے کر دیا گیا۔
استھی وسرجن کے اس انتہائی جذباتی لمحے میں یوگ گرو بابا رام دیو بھی خصوصی طور پر وی آئی پی گھاٹ پر موجود رہے۔ بابا رام دیو نے غمزدہ خاندان کے افراد کے ساتھ مل کر گنگا کی لہروں میں استھیوں کا وسرجن کرایا۔ انہوں نے اپرنا یادو اور ان کی بیٹیوں کو تسلی دی اور ایشور سے اس ناقابل برداشت غم کو برداشت کرنے کی طاقت عطا کرنے کی دعا کی۔ اس دوران نیتا جی ملائم سنگھ یادو کے کئی پرانے حامی اور کارکنان بھی خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے گھاٹ پر موجود رہے۔
واضح رہے کہ محض 38 برس کی عمر میں دنیا کو الوداع کہنے والے پرتیک یادو نے ہمیشہ خود کو عملی سیاست سے دور رکھا۔ انگلینڈ کی لیڈز یونیورسٹی سے ایم بی اے کرنے والے پرتیک لکھنؤ میں اپنے رئیل اسٹیٹ اور فٹنس کے کاروبار کی دیکھ بھال کرتے تھے۔ ان کے اچانک انتقال سے اتر پردیش کے سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




































