وزیر اعظم نریندر مودی منگل کی شام اپنے 5 ممالک کے دورے کی آخری منزل، یعنی اٹلی پہنچ چکے ہیں۔ اٹلی کی راجدھانی روم پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر اٹلی کے نائب وزیر اعظم انتونیو تاجانی نے وزیر اعظم مودی کا استقبال کیا۔ اس دوران ہندوستانی برادری کے لوگوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ وزیر اعظم مودی نے وہاں بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اٹلی پہنچنے سے قبل اپنے بیرون ملکی دورے میں ناروے، سویٹن، نیدرلینڈز اور یو اے ای کا احاطہ کر چکے ہیں۔ اٹلی پہنچنے کے بعد منگل کی دیر شب پی ایم مودی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ تصویریں شیئر کیں۔ روم میں ہوٹل پہنچنے پر وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں خصوصی ثقافتی پروگراموں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ یہاں کلاسیکی اور ثقافتی رقص کی پیشکش کے ساتھ ساتھ سازوں کی موسیقی بھی پیش کی گئی۔ ہندوستانی اور اطالوی ثقافت کی جھلک پیش کرنے والے ان پروگراموں نے ماحول کو خاص بنا دیا۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کردہ ایک پوسٹ میں لکھا کہ ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد ہندوستان اور اٹلی کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اٹلی کے صدر سرجیو ماتاریلا اور وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ اقوام متحدہ کے خوراک اور زراعت کے ادارے کے صدر دفتر کا بھی دورہ کریں گے، جس سے کثیرالجہتی نظام اور عالمی غذائی تحفظ کے تئیں ہندوستان کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیر اعظم نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کی ابتدا کچھ اس طرح کی ’’میں اٹلی کے روم شہر میں اتر چکا ہوں۔ میں صدر سرجیو ماتاریلا اور وزیر اعظم جارجیا میلونی سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کروں گا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد ہندوستان اور اٹلی کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے، خاص طور پر ہندوستان-مشرق وسطیٰ-یورپ اقتصادی راہداری (آئی ایم ای سی) پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان 29-2025 کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔‘‘ وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’میں اقوام متحدہ کے خوراک اور زراعت کے ادارے (ایف اے او) کے صدر دفتر کا بھی دورہ کروں گا، جس سے کثیرالجہتی نظام اور عالمی غذائی تحفظ کے تئیں ہندوستان کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات تیزی سے مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان29-2025 کو سرگرمی کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں، جو کئی شعبوں میں تعاون کے لیے ایک جامع خاکہ فراہم کرتا ہے۔ 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت 16.77 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ اٹلی کی جانب سے ہندوستان میں مجموعی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 3.66 ارب ڈالر درج کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ دفاع و سلامتی، صاف توانائی، اختراعات، سائنس و ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر تبادلے بھی شامل ہیں۔
اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی کی خصوصی دعوت پر ہونے والا یہ دورہ وزیر اعظم مودی کا اٹلی کا پہلا سرکاری دوطرفہ دورہ ہے۔ میلونی نے وزیر اعظم مودی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر ان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے ’’روم میں خوش آمدید، میرے دوست!‘‘
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































