’فصل کی خریداری نہیں ہوئی تو جنگ ہوگی‘، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ نے مرکزی حکومت کو کیا متنبہ

AhmadJunaidJ&K News urduJune 2, 2026358 Views

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے یکم جون کو ضلع کمارم بھیم آصف آباد کے کاگجن نگر میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر امتیازی سلوک کا الزام عائد کیا۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، تصویر @INCDelhi

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، تصویر @INCDelhi

i

user

google_preferred_badge

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے فصلوں کی خریداری کے معاملے پر مرکز کی مودی حکومت کے خلاف جارحانہ رخ اختیار کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا ہے کہ اگر مرکزی حکومت ریاست سے دھان اور دیگر فصلیں نہیں خریدتی تو تلنگانہ حکومت 15 جون کے بعد مرکز کے خلاف ’جنگ‘ کا اعلان کر دے گی۔ ریونت ریڈی نے یہ بیان یکم جون کو ضلع کمارم بھیم آصف آباد کے کاگجن نگر میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیا اور مرکز پر امتیازی سلوک کرنے کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔

وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ دوسری ریاستوں کے مقابلے میں مرکزی حکومت تلنگانہ میں فصلوں کی خریداری کو کوئی اہمیت نہیں دے رہی ہے۔ ریاستی حکومت کے نمائندے اس سلسلے میں مرکزی وزیر برائے امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم پرہلاد جوشی سے کئی بار ملاقات کر چکے ہیں۔ اس کے باوجود مرکزی حکومت تلنگانہ کو وہ ترجیح نہیں دے رہی جو فصلوں کی خریداری کے معاملے میں پنجاب، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کو دی گئی ہے۔

ریونت ریڈی نے بتایا کہ موجودہ ربیع سیزن کے دوران ریاستی حکومت نے 75 لاکھ کوئنٹل دھان خریدنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ریاست میں دھان کی خریداری 15 جون تک مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سیزن میں مکئی کی پیداوار بھی تقریباً 40 لاکھ کوئنٹل ہوئی ہے، جبکہ پہلے یہ صرف 4 سے 5 لاکھ کوئنٹل ہوا کرتی تھی۔ اس کے علاوہ اس بار جوار اور سورج مکھی کی بھی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے جلسۂ عام سے خطاب کے دوران مرکزی وزیر کوئلہ جی کشن ریڈی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کو یہ ذمہ داری اٹھانی چاہیے کہ مرکزی حکومت ریاست کی فصلیں خریدے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’میں کشن ریڈی سے پوچھتا ہوں کہ ہم خریدی گئی دھان اور مکئی کہاں ذخیرہ کریں؟ میری کشن ریڈی سے اپیل ہے کہ مرکزی حکومت فوری طور پر بارش میں بھیگی ہوئی دھان سمیت دیگر فصلوں کی خریداری کرے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کشن ریڈی کو یہ ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو 15 جون کے بعد فصلیں آپ کی پارٹی کے دفتر یا آپ کے گھر کے باہر لا کر ڈال دی جائیں گی۔ مرکزی حکومت کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا جائے گا۔‘‘

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ فصلیں جمع کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن ان کی خریداری مرکز کا کام ہے۔ اگر کشن ریڈی نے اپنی ذمہ داری ادا نہیں کی تو ان کے لیے تلنگانہ میں آزادانہ طور پر گھومنا مشکل ہو جائے گا۔ فصلوں کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے دریائے گوداوری پر بین ریاستی سرحد واقع تمّیدی ہیٹی میں مجوزہ بیراج کی تعمیر کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی انہیں کمتر سمجھ رہے ہیں اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ساتھ ان کی ملاقات کرانے میں مدد نہیں کر رہے ہیں۔ اس بیراج کی تعمیر سے مہاراشٹر کا کچھ علاقہ زیر آب آ جائے گا۔ اسی وجہ سے ریونت ریڈی بیراج کی اونچائی کے مسئلے پر بات چیت کے لیے فڑنویس سے ملاقات کا وقت طلب کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فڑنویس مسلسل لاپروائی برت رہے ہیں اور بنیادی شائستگی کا مظاہرہ بھی نہیں کر رہے۔

ریونت ریڈی نے فڑنویس حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ ہمیں وقت نہیں دیں گے تو مسئلہ سنگین ہو جائے گا۔ اگر معاملہ بڑھا تو ضلع عادل آباد شدید ردعمل کا مظاہرہ کرے گا۔ اگر عادل آباد کی کسان برادری سڑکوں پر آ گئی تو مہاراشٹر کے لیے بھی مشکلات پیدا ہوں گی۔ فڑنویس کو یاد رکھنا چاہیے کہ تلنگانہ اپنی توہین برداشت نہیں کرے گا۔‘‘ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو بھی یاد دلایا کہ این ڈی اے حکومت نے پولاورم کثیر المقاصد منصوبے کی تعمیر کے لیے تلنگانہ کے 7 منڈل آندھرا پردیش کے حوالے کر دیے تھے۔ پھر وزیر اعظم مودی مہاراشٹر کی وہ 2000 ایکڑ زمین تلنگانہ کو دلانے میں مدد کیوں نہیں کر سکتے جو تمّیدی ہیٹی بیراج کی وجہ سے زیرِ آب آ جائے گی؟ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اس 2000 ایکڑ زمین کے حصول کے بدلے مکمل معاوضہ ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...