سماج وادی پارٹی نے جمعہ کو کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کے نام پر لایا گیا آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور نہ ہو پانا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی “بدنیتی” کی شکست ہے۔پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ’عوام کے بڑھتے ہوئے غصے اور مخالفت سے توجہ ہٹانے کے لیے سازش کے تحت لائے گئے ‘نام نہاد خواتین ریزرویشن بل’ کی شکست دراصل بی جے پی کی شکست ہے۔ یہ اس کی بدنیتی کی بھی ہار ہے۔‘
اکھلیش نے کہا کہ “بی جے پی کا ہر قدم اور ہر بل یا تو چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ہوتا ہے یا پھر سماج کو تقسیم کرنے کی چال ہوتا ہے۔ اس بار بی جے پی اس بل کے ذریعے خواتین کی یکجہتی میں دراڑ ڈال کر انہیں دھوکہ دینا چاہتی تھی، لیکن اپوزیشن کی یکجہتی نے اس کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ یہ ملک میں بیدار ہوتی عوامی شعور کی جیت ہے، جس کی نمائندگی اپوزیشن کر رہی ہے۔”
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے حکومت میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن اتحاد کی یکجہتی نے ثابت کر دیا ہے کہ بی جے پی اخلاقی طور پر اقتدار میں رہنے کا حق کھو چکی ہے۔ “پارلیمنٹ میں جو حکومت ہار جاتی ہے، اسے باہر جانا چاہیے۔ یہ عوام کی جیت ہے، اسی لیے پورے ملک میں خوشی کا ماحول ہے اور لوگوں کو یقین ہو گیا ہے کہ برے دن ختم ہونے والے ہیں۔”
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

































