قومی راجدھانی دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ ہندوستانی محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی اضطراب کی وجہ سے موسم ’طوفانی‘ ہو چکا ہے اور بارش کے بعد لوگوں کو گرمی سے راحت مل گئی ہے۔ نوئیڈا، گروگرام، غازی آباد اور فرید آباد میں 70 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چلی ہیں۔ بعض مقامات پر گرد و غبار کے بادل اٹھے اور پھر تیز بارش ہوئی۔
محکمۂ موسمیات نے 17 جون 2026 تک قومی راجدھانی دہلی کے ساتھ ساتھ شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش، آندھی-طوفان اور آسمانی بجلی گرنے کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔ دہلی میں 12 جون کو بارش کا امکان ہے، جبکہ 13 سے 17 جون کے درمیان وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور کئی مقامات پر ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
موسم میں اس تبدیلی کے باعث دہلی-این سی آر کے لوگوں کو گرمی اور حبس سے راحت ملی ہے، لیکن کچھ مقامات پر درخت گرنے اور مخدوش عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی بھی خبریں ہیں۔ اس طرح کے موسم کا امکان پہلے سے ہی تھا، اس لیے گزشتہ رات محکمۂ موسمیات نے دہلی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا تھا۔ موسمیات کے ماہرین کے مطابق وسطی پاکستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بننے والے سائیکلونک سرکولیشن (گردابی ہواؤں کے نظام) کی وجہ سے شمالی ہندوستان میں غیر یقینی موسمی کیفیت بڑھ گئی ہے۔ اسی کے باعث دہلی-این سی آر میں موسم میں تبدیلی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
بہرحال، دہلی میں آج یعنی 12 جون کو بھی بارش کا امکان ہے۔ دوپہر کے بعد 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں گی۔ وہیں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ دہلی میں آج کم از کم درجۂ حرارت 24 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 ڈگری سیلسیس تک رہ سکتا ہے۔
اس درمیان جنوب مغربی مانسون 4 جون 2026 کو کیرالہ پہنچنے کے بعد اب کرناٹک، تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مزید بعض حصوں، تمل ناڈو، پڈوچیری، جنوب مغربی خلیج بنگال، مغربی-وسطی اور شمال مغربی خلیج بنگال، مغربی بنگال اور بہار کے بعض حصوں تک پہنچ چکا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 2 سے 3 دنوں میں جنوب مغربی مانسون کے مزید آگے بڑھنے کے لیے سازگار حالات بنے ہوئے ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی اور این سی آر میں مانسون 25 سے 30 جون کے درمیان پہنچ سکتا ہے۔ فی الحال جو بارش ہو رہی ہے وہ مانسون سے قبل کی سرگرمی کا حصہ ہے۔ حقیقی مانسونی بارش جون کے آخری ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

































