
نئی دہلی: جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس مسجد تکیہ کالے خاں میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا محمد قاسم نوری قاسمی نے کی، جبکہ نائب صدر قاری عبد الغفار نے سرپرستی فرمائی۔ اجلاس میں تنظیمی، تعلیمی، دعوتی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
صدرِ اجلاس مولانا محمد قاسم نوری قاسمی نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء کے آئندہ اہداف، تنظیمی ترجیحات اور مختلف شعبہ جاتی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دینی و سماجی خدمات کو منظم اور مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر مفتی گلزار قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع شاہدرہ، نے مثالی مساجد کے تصور، ان کے عملی خدوخال اور طریقۂ کار پر جامع گفتگو کی۔





