اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں اب صرف چند ماہ کا وقت باقی رہ گیا ہے، اس لیے سیاسی درجۂ حرارت بھی بڑھنے لگا ہے۔ برسراقتدار بی جے پی اور ریاست کی اہم اپوزیشن سماجوادی پارٹی کے لیڈران میں لفظی جنگ بھی شدت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔ سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے یوپی اسمبلی انتخاب سے متعلق بی جے پی امیدواروں کے ٹکٹوں کے بارے میں ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق اکھلیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ ڈالی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’سنا ہے الٰہ آباد کی تمام نشستوں پر بی جے پی اپنے امیدوار تبدیل کرنے جا رہی ہے، کیونکہ بی جے پی کو لگتا ہے یہ تمام اراکین اسمبلی صرف کھانے کمانے میں لگے رہے اور لوک سبھا سیٹ ہاتھ سے نکل گئی۔‘‘
اس سوشل میڈیا پوسٹ میں اکھلیش یادو نے آگے لکھا ہے کہ ’’یہی فارمولہ اتر پردیش کی ان تمام 43 لوک سبھا سیٹوں پر بھی نافذ کیا جا رہا ہے جہاں انڈیا اتحاد نے کامیابی حاصل کی تھی۔‘‘ اکھلیش نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہی فارمولہ ان 9 سے 10 نشستوں پر بھی لاگو ہوگا جہاں بی جے پی ووٹوں سے نہیں بلکہ ’ہیر پھیر‘ کے ذریعے سرٹیفکیٹ حاصل کر کے جیتی تھی۔ وہ اپنی اپنی پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں ’’اس کا مطلب یہ ہوا کہ تقریباً 225 نشستوں پر امیدوار تبدیل کیے جائیں گے۔‘‘
سماجوادی پارٹی کے ذرائع کے مطابق اپوزیشن پارٹی کی نظر بی جے پی، راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) اور دیگر پارٹیوں کے ایسے لیڈران پر ہے جو انتخابات قریب آنے پر سیاسی وفاداری تبدیل کر سکتے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے سرکردہ لیڈران ایسے لیڈروں سے مسلسل رابطے میں بھی ہیں۔
دوسری جانب اکھلیش یادو کے دعوؤں پر جوابی حملہ کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان منیش شکلا نے کہا کہ اتر پردیش کی عوام جس سنجیدگی سے فلموں میں مزاحیہ فنکاروں کے مکالموں کو لیتے ہیں، اسی طرح سیاسی میدان میں اکھلیش یادو کے بیانات کو بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب سے اکھلیش یادو نے سماجوادی پارٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہے، ہر انتخاب میں سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی کراس ووٹنگ کرتے رہے ہیں۔ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’اکھلیش یادو سے اپنا گھر تو سنبھل نہیں رہا، لیکن وہ دوسروں کے گھر میں جھانکنے کے دعوے کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
































