
پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل کے قومی کارگزار صدر اور بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے بہار حکومت پر خواتین کی حفاظت میں ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت مجرموں پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔
تیجسوی یادو نے منگل کو پٹنہ میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے تحفظ میں پلنے والے جرائم پیشہ عناصر اب ریاست کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے لیے خوف کی علامت بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، جس سے عام خواتین میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔






