اپوزیشن نے امریکی فوجی حملے میں ہندوستانیوں کی موت کے بعد ٹرمپ سے ملاقات پر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا

AhmadJunaidJ&K News urduJune 17, 2026360 Views


وزیر اعظم نریندر مودی نے جی-7 سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے حال ہی میں امریکی فوجی حملے میں تین ہندوستانی شہریوں کی موت کےپس منظرمیں اس ملاقات کے لیے وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جی-7 سربراہی اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ وزیر اعظم مودی۔ (تصویر: اے پی)

نئی دہلی:جی-7 سربراہی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل (16 جون) کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ تنقید حال ہی میں امریکی فوجی حملے میں تین ہندوستانی شہریوں کی موت کے پس منظر میں کی گئی ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کا الزام ہے کہ پی ایم مودی امریکہ کے سامنے شہریوں کی موت پر سخت احتجاج درج کرانے میں ناکام رہے ہیں۔

کانگریس کے ایکس ہینڈل نے بھی وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں’بے  شرم وزیر اعظم‘کہا ہے۔

کانگریس رہنماؤں نے جی-7 اجلاس کاایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گروپ فوٹو سیشن کے دوران ٹرمپ نے پی ایم مودی کی طرف توجہ تک نہیں دی۔

کانگریس رہنما سریندر راجپوت نے لکھا،’ٹرمپ نے مودی کی طرف دیکھا تک نہیں۔ ٹرمپ کی فوج نے 3 ہندوستانیوں کو قتل کر دیا اور اس کے بعد بھی وہ اتنے مغرور بنے ہوئے ہیں۔ مودی خود آگے بڑھ کر ٹرمپ سے ملنے جا رہے ہیں۔‘

کانگریس کی ترجمان سپریا شرینیت نے بھی الزام لگایا کہ ٹرمپ نے مودی کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے لکھا،’پورے 5 منٹ تک ٹرمپ نے مودی کو نظر انداز کیا، جبکہ مودی ان کے آگے پیچھے منڈلاتے رہے۔ فوٹو کھنچوانے کے بعد مودی خود آگے بڑھ کر ٹرمپ سے ملنے گئے۔ تین ہندوستانیوں کے سفاک قتل کے بعد بھی امریکہ اکڑ کے ساتھ چل رہا ہے، اور ہمارے والے بھیگی بلی بنےہوئے ہیں۔‘

وہیں،عام آدمی پارٹی نے امریکی فوجی حملے میں ٹینکر ایم ٹی سیٹیبیلو پر سوار تین ہندوستانی شہریوں کی موت کے بعد ٹرمپ سے مودی کی ملاقات کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی شہریوں کی موت کے باوجود وزیر اعظم مودی کا ٹرمپ کے ساتھ دوستانہ انداز میں بات چیت کرنا شرمناک ہے۔

پارٹی نے کہا،’وزیر اعظم مودی ٹرمپ کو جتناچاہے شکریہ ادا کریں اور اس کے سامنے جھک جائیں، لیکن ایک دن اس ملک کو ایسا مضبوط وزیر اعظم ضرور ملے گا جو امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اس کی ہر بات کا جواب اسی کی زبان میں دے گا۔‘

پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے ایکس پر لکھا،’پیارے مودی جی، آج آپ فرانس میں ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ براہ کرم تین ہندوستانیوں کے قتل پر ہمارا سخت احتجاج اور غصہ ان کے سامنے ظاہر کریں۔ ٹرمپ کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی بات کہنے کا حوصلہ دکھائیں۔ آپ نے نہ تو اس واقعہ پر ایک بھی ٹوئٹ کیا اور نہ ہی مرنے والوں کی روح کے سکون کے لیے دعا کی۔ ہندوستان کو ایک مضبوط وزیر اعظم کی ضرورت ہے۔ براہ کرم آج حوصلہ دکھایئے۔‘



0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...