
نئی دہلی: برکس اجلاس 2026 کے دوسرے دن وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے عالمی نظام میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بدلتی دنیا میں اصلاحات اب پسند کا معاملہ نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی ادارے آج کے تقاضوں اور چیلنجز کے مطابق خود کو ڈھالنے میں ناکام رہے ہیں، جس کے باعث عالمی حکمرانی اور کثیر فریقی نظام پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
بھارت منڈپم میں منعقدہ اجلاس کے تیسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایس جے شنکر نے کہا کہ دنیا پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ جڑی ہوئی، پیچیدہ اور کثیر قطبی ہو چکی ہے، لیکن عالمی اداروں کا ڈھانچہ اب بھی پرانے دور کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کی کمی، فیصلوں میں تاخیر اور نمائندگی کے فقدان نے عالمی اداروں کی ساکھ کو متاثر کیا ہے۔





