
فلپائن کے جنوبی علاقے منڈاناؤ میں جمعہ کی صبح 7.6 شدت کا طاقتور زلزلہ آیا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔ زلزلے کا مرکز زمین کی سطح سے تقریباً 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ملی ہے، تاہم کئی مقامی علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
زلزلے کے فوراً بعد فلپائن انسٹیٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی (فیوولکس) نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں اور ممکن ہو تو اونچے مقامات پر چلے جائیں۔ زلزلے کے جھٹکے منڈاناؤ اور اطراف کے صوبوں میں بڑے پیمانے پر محسوس کیے گئے، جس کے باعث گھروں، دفاتر اور اسکولوں سے لوگ خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے۔






