
پٹنہ میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کے اجلاس کے دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے الیکشن کمیشن کی شفافیت اور غیرجانبداری پر سنگین سوالات اٹھائے۔ کھڑگے نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے سامنے آنے والے انکشافات کا جواب دینے کے بجائے، الیکشن کمیشن پارٹی سے صرف حلف نامے طلب کر رہا ہے، جو آئینی ادارے کی ذمہ داریوں کے برخلاف ہے۔
اجلاس میں کھڑگے نے ملکی اور عالمی سطح پر پیش آنے والے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایسے نازک وقت میں اجلاس منعقد کر رہی ہے جب ہندوستان کو داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا ہے۔ کھڑگے نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر جو مشکلات ملک کے سامنے ہیں، وہ موجودہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کی سفارتی ناکامی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ افراد جن کی وزیراعظم ’میرے دوست‘ کہہ کر تعریفیں کرتے ہیں، آج ہندوستان کو متعدد عالمی مسائل میں الجھا رہے ہیں۔ کھڑگے کے مطابق اس اجلاس میں پارٹی کی قیادت ملکی چیلنجز کے بارے میں بات کرے گی اور عوام کے لیے موثر حکمت عملی تیار کرے گی۔






