پہلگام حملے میں سیکیورٹی کی ناکامی کے اعتراف کے بعد مقبوضہ کشمیر کے گورنر سے استعفیٰ کا مطالبہ – World

AhmadJunaidJ&K News urduJuly 15, 2025365 Views



بھارت کی اپوزیشن جماعتوں نے پہلگام حملے کو سیکیورٹی کی ناکامی تسلیم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر کے گورنر سے استعفیٰ دینے اور کشمیری عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ رواں سال 22 اپریل کو بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر میں پہلگام کے پہاڑی مقام پر 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے، بھارت نے اس ہولناک حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا، جسے پاکستان نے مسترد کر دیا تھا اور اس قتل عام کی بین الاقوامی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

پیر کے روز ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما منوج سنہا نے کہا کہ’ میں اس واقعے کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، جو بلاشبہ سیکیورٹی کی ناکامی تھی۔’

اس اعتراف کے بعد کئی بھارتی سیاستدانوں نے ان پر غفلت برتنے اور ذمہ داری قبول کرنے میں تاخیر کرنے پر شدید تنقید کی اور ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔

انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) نے دی وائر کی رپورٹ کے مطابق کہا کہ سنہا دراصل وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کے ’ غیر متعین اہلکاروں’ کو بچانا چاہتے ہیں۔

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے ایکس پر کہا کہ’ “انہوں (سنہا) نے حملے کے 82 دن بعد آخرکار پہلگام کی ذمہ داری قبول کرلی، ایسا کرتے ہوئے وہ دہلی میں کس کو بچا رہے ہیں؟ کتنے دن، ہفتے یا مہینے اور لگیں گے جوابدہی کے لیے؟ کب استعفیٰ دیں گے یا برطرف ہوں گے؟’

اسی طرح کانگریس کی قومی ترجمان شمع محمد نے سوال اٹھایا کہ’چونکہ(سنہا) نے پہلگام حملے کے دوران سیکیورٹی کی ناکامی کی مکمل ذمہ داری لے لی ہے تو وہ کب استعفیٰ دیں گے؟ ایک جمہوریت میں ذمہ داری لینے کے بعد اگلا قدم استعفیٰ ہوتا ہے!’

ادھر مقبوضہ کشمیر کی حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے دی وائر کو بتایا کہ ’ اگلا منطقی قدم ان (سنہا) کا مستعفی ہونا اور جموں و کشمیر کے عوام سے معافی مانگنا ہے جن کی زندگیاں، روزگار اور عزت ان کی غلطیوں کی وجہ سے خطرے میں پڑ گئیں۔’

کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما اور جنرل سیکریٹری ایم وائی تاریگامی نے کہا کہ ان کی پارٹی حملے کے بعد سے مرکزی حکومت سے جوابدہی کا مطالبہ کرتی آ رہی ہے، انہوں نے حکومت سے ان خامیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جن کے نتیجے میں 26 شہری ہلاک ہوئے۔

انہوں نے رپورٹ میں کہا کہ’ تمام ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے، اگر قبول کیا گیا ہے تو پھر ان لوگوں کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہیے جنہوں نے اتنی بڑی غلطی کی۔’

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بھی آج اس انٹرویو پر ردعمل دیا اور کہا کہ یہ اعتراف ’ دو ماہ بعد اور اس معاملے پر پوری جنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ’ لوک سبھا میں اپوزیشن کو اس حکومت کی اس سنگین نااہلی کو بے نقاب کرنا چاہیے جس نے بھارتی عوام کی جانیں، ساکھ اور وقار خطرے میں ڈال دیا، اس وقت اس کے لیے پوری فضا بن چکی ہے۔’

#نئی دہلی نے پہلگام حملے پر عوام سے ’جھوٹ‘ بولا
گزشتہ ہفتے بھارتی صحافی کرن تھاپر کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ نئی دہلی نے پاکستان کے مبینہ کردار پر بھارتی عوام سے ’ جھوٹ بولا’ ۔

دی وائر کے تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے پی پی پی کے سربراہ نے کہا تھا کہ اگر پاکستان اس حملے میں ملوث ہوتا تو اس کے شواہد سامنے آ چکے ہوتے اور ذمہ داروں کی نشاندہی ہو چکی ہوتی۔

بلاول نے کہا تھاکہ’ جہاں تک پہلگام دہشت گرد حملے کا تعلق ہے، پاکستان غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے تیار تھا؛ آپ کی حکومت نے اس سے انکار کیا۔’

انہوں نے مزید کہا تھا کہ’ آج تک بھارتی حکومت نے پاکستان، بین الاقوامی برادری یا بھارتی عوام کے ساتھ یہ معلومات شیئر نہیں کیں کہ اس دہشت گرد حملے میں کون لوگ شامل تھے جو پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں؟’

اس سوال پر کہ اگر پاکستان ملوث تھا تو ثبوت کیوں نہیں ملے، بلاول نے کہا تھا کہ اگر پاکستان واقعی ملوث ہوتا تو عالمی برادری بھارت کے مؤقف کی تائید کرتی۔

انہوں نے کہا تھا،’ یہ آپ کے لیے بہت تکلیف دہ بات ہے کہ میں بھارتی عوام کو سچ بتا رہا ہوں کہ ان سے جھوٹ بولا گیا … کہ پاکستان اس حملے میں ملوث تھا جبکہ ہم نہیں تھے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ’ بھارتی حکومت ثبوت دینے سے قاصر رہی ہے، اسی لیے اس جنگ کے دوران بھارتی میڈیا اور بھارتی حکومت نے بھارتی عوام کو گمراہ کرنے کے لیے ایک جھوٹ پر مبنی مہم چلائی۔’

0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...