دھرم شالا میں کھیلے گئے پہلے ونڈے مقابلہ میں ہندوستان نے افغانستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ بارش کی وجہ سے یہ مقابلہ 4 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 25-25 اوورز کا مقرر کیا گیا۔ شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ 26 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد رحمان اللہ گرباز نے شاندار سنچری بنا کر افغانستان کے اسکور کو 194 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گل نے ناٹ آؤٹ 84 رنز بنائے، جبکہ کے ایل راہل نے 19 گیندوں میں 39 رنز کی طوفانی اننگ کھیل کر ہندوستان کو 13 گیندیں باقی رہتے فتح دلا دی۔ فاتحانہ رن بھی راہل کے بلّے سے ہی آیا۔
195 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی سلامی بلے باز سے اچھی شروعات کی ضرورت تھی۔ روہت شرما اور شبھمن گل نے محتاط آغاز کیا۔ دونوں اچھی بلے بازی کرتے نظر آ رہے تھے، لیکن تال میل کی کمی کے باعث روہت رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 16 رنز بنائے۔ 46 رنز پر پہلا وکٹ گرنے کے بعد کپتان گل نے ایشان کشن کے ساتھ مل کر 70 رنز کی بہترین شراکت داری قائم کی۔ ایشان 34 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے آئے نائب کپتان شریئس ایئر (12 رنز) ناکام رہے۔ انہیں ضیاء الرحمان نے 18ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ ان کے بعد کے ایل راہل نے 205 سے زائد اسٹرائیک ریٹ سے 39 رنز کی اہم اننگ کھیلی۔ 19 گیندوں کی اس اننگ میں راہل نے 3 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ شبھمن گل نے 66 گیندوں میں 2 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 84 رنز بنائے۔ ہندوستان نے 13 گیندیں باقی رہتے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور 3 میچوں کی ونڈے سیریز میں 0-1 کی برتری بنا لی۔ کپتان گل کو ان کی بہترین اننگ کے لیے ’پلیئر آف دی میچ‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس سے قبل بلے بازی کرتے ہوئے افغانستان کی پوری ٹیم 24.5 اوورز میں 194 رنز پر سمٹ گئی تھی۔ مہمان ٹیم کی شروعات خراب رہی اور دوسرے ہی اوور میں ابراہیم زادران ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں گرنور برار نے اپنا شکار بنایا، جو اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے تھے۔ اس کے بعد عرشدیپ سنگھ نے صدیق اللہ اٹل (3) اور رحمت شاہ (3) کو سستے میں پویلین بھیج دیا۔ 26 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد سلامی بلے باز رحمن اللہ گرباز نے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ مل کر چوتھے وکٹ کے لیے 116 رنز کی انتہائی اہم شراکت داری قائم کی۔ گرباز نے محض 51 گیندوں میں 102 رنز بنائے، جس میں انہوں نے 8 چھکے اور اتنے ہی چوکے لگائے۔ وہ افغانستان کے لیے ونڈے میں سب سے تیز سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے 48 گیندوں میں ہی اپنی سنچری مکمل کر لی تھی۔
گرباز کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی گیندبازوں نے شاندار واپسی کی اور افغانستان کو 194 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ گرباز کو نتیش کمار ریڈی نے شاندار گیند پر بولڈ کیا۔ اس کے بعد اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہرش دوبے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ آخری اوور میں گرنور برار نے بھی مزید 2 وکٹیں لیں اور اس طرح انہوں نے بھی اپنے پہلے انٹرنیشنل میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































