
قومی آواز کے کھیل پوڈکاسٹ کی پہلی قسط میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر شاجی پربھاکرن نے 2026 کے فیفا عالمی کپ پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والا آئندہ عالمی کپ تاریخ کا سب سے بڑا فٹبال ٹورنامنٹ ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ 104 میچز 16 مختلف میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔ ان کے مطابق اس بار مقابلے پہلے سے زیادہ دلچسپ اور شائقین کے لیے زیادہ پرکشش ہوں گے۔
شاجی پربھاکرن نے کہا کہ عالمی کپ میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا مقصد فٹبال کو مزید مقبول بنانا اور زیادہ سے زیادہ ممالک کو عالمی سطح پر موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے ممالک کے لیے بھی اب عالمی کپ تک رسائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ایران کی شرکت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ مغربی ایشیا کی صورتحال کے باوجود ایران عالمی کپ میں شریک ہوگا اور اپنی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کرے گا۔ ان کے مطابق فٹبال دنیا کو جوڑنے والی طاقت ہے اور ایران کے لیے بھی یہ عالمی سطح پر مثبت پیغام دینے کا موقع ہوگا۔






