
تصویر: پی ٹی آئی
نئی دہلی:نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے 3 مئی کو منعقد کیے گئے نیٹ انڈر گریجویٹ (یو جی) 2026 کے امتحان کو پیپر لیک کے دعووں کے بعد ردکر دیا گیا تھا، جس کے بعد اب یہ امتحان دوبارہ 21 جون کو لیاجائے گا۔
دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، این ٹی اے نے حکومت کی منظوری کے بعد جمعہ (15 مئی) کو امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کیا۔ این ٹی اے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امیدوار اور والدین صرف ایجنسی کے آفیشیل ذرائع سے جاری معلومات پر ہی اعتماد کریں اور کسی بھی افواہ یا غیر سرکاری اطلاع سے بچیں۔
📢 NEET (UG) 2026 — परीक्षा तिथि की घोषणा
राष्ट्रीय परीक्षा एजेंसी ने भारत सरकार की स्वीकृति से NEET (UG) 2026 की पुनः-परीक्षा रविवार, 21 जून 2026 को आयोजित करने का निर्णय लिया है।
परीक्षार्थियों एवं अभिभावकों से अनुरोध है कि वे केवल NTA के आधिकारिक माध्यमों पर ही विश्वास करें।…— National Testing Agency (@NTA_Exams) May 15, 2026
اس سلسلے میں این ٹی اے نے طلبہ کے لیے ہیلپ لائن نمبر اور ای میل بھی جاری کیے ہیں۔ امیدوار neet-ug@nta.ac.in پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 011-40759000 اور 011-69227700 نمبروں پر بھی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نیٹ-یو جی ہندوستان کا واحد یونیفائیڈ میڈیکل داخلہ امتحان ہے، جس کے ذریعے ملک بھر میں انڈر گریجویٹ میڈیکل کورسز میں داخلہ دیا جاتا ہے۔ سال 2024 میں بھی یہ امتحان پیپر لیک اور گریس مارکس میں بے ضابطگیوں کے الزامات کی وجہ سے تنازعات میں رہا تھا، جس کے بعد ہزاروں امیدواروں کو غیر معمولی طور پر زیادہ نمبر ملنے پر ملک بھر میں احتجاج ہوئے تھے۔
این ٹی اے سے پہلے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) میڈیکل کے لیے نیٹ اور انجینئرنگ کے لیے جے ای ای جیسے امتحانات منعقد کرتا تھا، جبکہ ریاستی بورڈز اور یونیورسٹیاں اپنی الگ داخلہ امتحانات لیا کرتی تھیں۔
این ٹی اے کا قیام نومبر 2017 میں ہندوستان کے اعلیٰ تعلیم کے داخلہ امتحانی نظام میں سختی اور بھروسہ پیدا کرنے اور طلبہ کو کئی امتحانات کے بوجھ سے راحت دینے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ یہ ایجنسی 15 سے زیادہ امتحانات منعقد کرتی ہے، لیکن این ٹی اے مسلسل مسائل میں گھری رہی ہے اور اس پر شفافیت اور عوامی جوابدہی کی کمی کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
پیپر لیک کے معاملے پر وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ ’گیس پیپر‘کے نام پر اصل سوال لیک ہوئے تھے۔ ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا،’نیٹ یو جی 2026 کے امتحان میں پیپر لیک کی تصدیق ہونے کے بعد امتحان کو ردکرنے کا فیصلہ لیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ دوبارہ امتحان اب 21 جون کو ہوگا۔
VIDEO | Delhi: Addressing a press conference, Education Minister Dharmendra Pradhan (@dpradhanbjp) says, “One important point I wanted to mention is that, from next year, the root issue will be addressed. The NEET examination will be conducted as a computer based test instead of… pic.twitter.com/xWPO0q5lKU
— Press Trust of India (@PTI_News) May 15, 2026
دھرمیندر پردھان نے مزید کہا،’امتحان 3 مئی کو ہوا تھا اور 7 مئی کو این ٹی اے کو شکایت ملی کہ ’گیس پیپر‘میں موجود کچھ سوالات اس سال کے اصل سوالنامے سے ملتے جلتے تھے۔‘
اس کے بعد محکمہ اعلیٰ تعلیم نے فوری جانچ شروع کی اور معاملہ سرکاری ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی ایجنسیوں سے رابطہ کیا گیا اور 12 مئی تک یہ تصدیق ہو گئی کہ’گیس پیپر‘کے نام پر اصل سوال لیک ہوئے تھے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی تھی کہ’فرضی امیدواروں کی سازش یا ایجوکیشن مافیا‘کی وجہ سے کسی اہل طالبعلم کو نقصان پہنچے۔
دھرمیندر پردھان نے یہ بھی کہا کہ پچھلی بار سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کے بعد رادھا کرشنن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور اس کی سفارشات کو 2025 اور 2026 دونوں امتحانات میں’لفظ بہ لفظ‘نافذ کیا گیا تھا، اس کے باوجود یہ واقعہ پیش آیا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ نیٹ کے سوالنامے میں گڑبڑ ایک سماجی چیلنج ہے۔ ایجوکیشن مافیا کے خلاف سی بی آئی سختی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ اگلے سال سے نیٹ یو جی کا امتحان او ایم آر کے بجائے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (سی بی ٹی) یعنی آن لائن طریقے سے لیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ امتحان رد ہونے کی اطلاع کے فوراً بعد این ٹی اے نے اعلان کیا تھا کہ طلبہ کو اس امتحان کی فیس واپس کی جائے گی۔ آئندہ ہونے والے امتحان کے لیے طلبہ سے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔
دھرمیندر پردھان کے مطابق، اس امتحان میں شامل ہونے والے طلبہ امتحان کے لیے اپنی پسندکے شہر کا انتخاب کر سکیں گے۔ اس کے لیے طلبہ کو ایک ہفتے کا وقت دیا جائے گا۔ امتحان کے دورانیے میں بھی 15 منٹ اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے امتحان کے ایڈمٹ کارڈ 14 جون تک جاری کیے جائیں گے۔ اس کی تفصیلی معلومات این ٹی اے کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے نیو انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ نیٹ-یو جی کا امتحان مکمل طور پر اس سال آن لائن کرانا ممکن نہیں ہے، کیونکہ اس کے لیے ضروری تکنیکی انفراسٹرکچر کی کمی ہے اور امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
معلوم ہو کہ 3 مئی کو ہوئے امتحان کے لیے اس سال 22.79 لاکھ امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے 22.05 لاکھ امیدوار امتحان میں شریک ہوئے تھے۔




