سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک بڑی گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے گولڈ-سلور امپورٹ ڈیوٹی بڑھائے جانے کے بعد راکیٹ کی رفتار سے بڑھنے والی ان قیمتی دھاتوں کی تیزی تھم سی گئی ہے۔ پہلے چاندی اور اب سونا بھی بری طرح ٹوٹ گیا ہے۔ ملٹی کموڈٹی ایکسچینج یعنی ’ایم سی ایکس‘ پر جمعہ کو فیوچر ٹریڈنگ شروع ہوتے ہی چاندی کی قیمت اچانک 17 ہزار روپے فی کلو سے زیادہ کم ہو گئی۔ دوسری طرف سونا بھی ایک جھٹکے میں مارکیٹ کھلتے ہی 3,000 روپے فی 10 گرام سے زیادہ سستا ہو گیا۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ سونے اور چاندی میں امپورٹ ڈیوٹی بڑھائے جانے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں طوفانی تیزی آئی تھی اور خاص طور پر چاندی 13 مئی کو اوپننگ کے ساتھ ہی 22 ہزار روپے تک مہنگی ہو گئی تھی۔ لیکن اگلے ہی دن یعنی 14 مئی سے اس کی تیزی پر بریک لگ گیا اور یہ ٹوٹنے لگی۔ اب صرف 2 دنوں میں ہی چاندی کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ گزشتہ کاروباری دن، یعنی جمعرات کو 3 جولائی کی ایکسپائری والی چاندی 2 لاکھ 91 ہزار 102 روپے فی کلو پر بند ہوئی تھی، وہیں جمعہ کو مارکیٹ کھلتے ہی یہ قیمت 2 لاکھ 73 ہزار 636 روپے پر آ گئی۔ یعنی چاندی 17 ہزار 466 روپے سستی ہو گئی۔ وہیں 2 دنوں میں ایک کلو چاندی کی قیمت 3 لاکھ 238 روپے سے 26 ہزار 602 روپے تک کم ہو گئی۔
اگر چاندی کا اس کے ہائی لیول سے موازنہ کریں، تو جنوری مہینے میں پہلی بار چاندی نے 4 لاکھ روپے کا تاریخی ہندسہ عبور کیا تھا اور تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 4 لاکھ 57 ہزار 328 روپے فی کلو کے لائف ٹائم ہائی لیول پر پہنچ گئی تھی۔ تازہ گراوٹ کے بعد اب یہ قیمتی شئے اپنے ہائی سے 1 لاکھ 83 ہزار 692 روپے فی کلو تک سستی ہو گئی ہے۔
صرف چاندی ہی نہیں، بلکہ امپورٹ ڈیوٹی بڑھنے کے بعد سونے کی تیز رفتاری پر بھی جمعہ کو اچانک بریک لگتا نظر آیا۔ 5 جون کی ایکسپائری والا فیوچر سونا گزشتہ کاروباری دن 1 لاکھ 61 ہزار 978 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا تھا اور اب یہ پھسل کر 1 لاکھ 58 ہزار 852 روپے پر آ گیا ہے۔ اس حساب سے دیکھیں، تو 10 گرام 24 کیرٹ گولڈ 3 ہزار 126 روپے سستا ہو گیا ہے۔ چاندی کی طرح اگر سونے کا اس کے ہائی لیول سے موازنہ کریں، تو یہ بھی کافی سستی ہو گیا ہے۔ سونا لائف ٹائم ہائی ’ایم سی ایکس‘ پر 2 لاکھ 2 ہزار 984 روپے فی 10 گرام ہے اور وہاں سے اب یہ 44 ہزار 132 روپے سستا مل رہا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































