بارڈر سکیورٹی فورس پنجاب فرنٹیئر جالندھر ہیڈکوارٹر کے قریب منگل کو ایک ایکٹیوا اسکوٹر میں دھماکہ ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ دھماکہ ایک ایکٹیوا اسکوٹر میں ہوا، جسے مبینہ طور پر فلپ کارٹ کے ایک ڈیلیوری ملازم سے جوڑا جا رہا ہے۔ متعلقہ شخص آج رات تقریباً 8:15 بجے اسکوٹر کھڑا کر کے پارسل دینے کے لیے بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کے احاطے میں گیا تھا۔ کچھ ہی دیر بعد کھڑی گاڑی سے زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی۔
ذرائع کے مطابق اسکوٹر میں رکھی کسی دھماکہ خیز مواد میں دھماکہ ہواہو سکتا ہے، تاہم حکام نے ابھی تک دھماکے کی صحیح وجہ کی تصدیق نہیں کی ہے۔ واقعے کے وقت بی ایس ایف ہیڈکوارٹر سے گرو نانک پورہ جانے والی سڑک کے قریب سبزی منڈی کے علاقے میں کئی لوگ موجود تھے۔ اچانک دھماکے سے خریداری کر رہے لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور ابتدا میں کسی کو سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ بی ایس ایف کے افسران بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور معاملے کی تفصیلی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسکوٹر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سکیورٹی ایجنسیاں ہر زاویے سے معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔جالندھر پولیس کمشنر دھنپریت کور نے کہا کہ اسکوٹر میں آگ لگنے کے بعد ہی دھماکہ ہوا ہے، فی الحال یہی معلومات سامنے آئی ہیں۔ اسکوٹر پر دو لڑکے آئے تھے، دونوں کو پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حراست میں رکھا ہے۔
حراست میں لیے گئے ایک لڑکے کے والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا روزانہ بی ایس ایف میں پارسل کی ڈیلیوری دینے آتا تھا۔ آج بھی اس نے شام کو فلپ کارٹ اسٹور سے پارسل اٹھائے تھے۔ جب وہ ہیڈکوارٹر کے اندر پارسل دے کر واپس آ رہا تھا، تبھی اسکوٹر دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































