مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے ساتھ ساتھ کانگریس نے بھی حریف پارٹیوں کے خلاف اپنے حملے تیز کر دیے ہیں اور ریاست کی خستہ حالت کے لیے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ آج کانگریس نے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی نعرے بہت اچھے دیتی ہے، خواب بھی اچھے دکھاتی ہے، لیکن جب کام کرنے کی بات ہوتی ہے تو وہ نظر نہیں آتی۔‘‘ یہ بیان ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے مغربی بنگال میں ایک پریس کانفرنس کے دوران دیا ہے۔
سکھوندر سکھو نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’مرکز میں بی جے پی کی حکومت ہے، لیکن انھوں نے مغربی بنگال کو کوئی پروجیکٹ نہیں دیا۔ جو بھی بنگال میں پروجیکٹ ہیں، وہ سب کانگریس نے دیے ہیں۔ اس لیے بی جے پی کو ووٹ دینا ریاست کی عوام کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔‘‘ پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کانگریس امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں، تاکہ ریاست کی ترقی ایک بار پھر شروع ہو سکے اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جا سکیں۔
سکھوندر سکھو نے منریگا منصوبہ کا ذکر بھی پریس کانفرنس کے دوران کیا اور بی جے پی حکومت پر اسے ختم کرنے کا سنگین الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’منریگا منصوبہ سابق وزیر اعظم آنجہانی منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی جی کی سوچ تھی۔ یہ ’ڈیمانڈ ڈرائیون‘ منصوبہ ہوا کرتا تھا، لیکن بی جے پی حکومت نے اس منصوبہ کی روح کو ختم کر دیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’منریگا منصوبہ میں دیہی کنبوں کو سال میں 100 دن کے روزگار کی گارنٹی تھی۔ منریگا میں مغربی بنگال کے لاکھوں لوگ کام کرتے تھے۔‘‘ بی جے پی کے ساتھ ساتھ ترنمول کانگریس کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’گزشتہ کئی سالوں سے بی جے پی حکومت صرف عوام کا حق چھیننے کا کام کر رہی ہے۔ ترنمول کانگریس بھی بدعنوانی میں پیچھے نہیں ہے، وہ عام آدمی کا استحصال کر رہی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































