بہار کے نالندہ ضلع میں ایک خاتون کے ساتھ کچھ لوگوں کا فحش عمل سرخیوں میں ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہیں۔ دوسری طرف اتراکھنڈ کے دہرادون میں گزشتہ روز ایک سبکدوش فوجی کا برسرعام قتل کر دیا گیا، جس نے ریاست میں نظامِ قانون کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ان دونوں ہی واقعات پر کانگریس نے اپنی شدید فکر کا اظہار کیا ہے اور برسراقتدار بی جے پی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بہار میں خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت پر کانگریس نے اپنا رد عمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر انتہائی تشویش کے ساتھ ظاہر کیا ہے۔ اپوزیشن پارٹی کا کہنا ہے کہ ’’نالندہ میں ایک خاتون کے ساتھ بے حد گھناؤنا سلوک کیا گیا۔ بدمعاشوں نے سرعام خاتون کے کپڑے پھارے اور اس کی ویڈیو بنا کر وائرل کیا۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’یہ واقعہ سماج پر داغ ہے۔ ایسا کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔ یہ واقعہ بتاتا ہے کہ بہار میں پوری طرح سے ’جنگل راج‘ قائم ہے اور خواتین محفوظ نہیں ہیں۔‘‘
بہار میں حکمراں بی جے پی اور جنتا دل یو حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس نے سخت الزام بھی عائد کیا ہے۔ کانگریس کا کہن اہے کہ ’’بی جے پی-جنتا دل یو حکومت نے جرائم پیشوں کو تحفظ فراہم کر رکھا ہے، اور اب وہی جرائم پیشے سڑکوں پر کھلے عام گھوم رہے ہیں اور ایسے واردات انجام دے رہے ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس معاملہ میں نالندہ پولیس نے 2 ملزمین کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ تیسرے ملزم کی تلاش زور و شور سے جاری ہے۔
دوسری طرف اتراکھنڈ کے دہرادون میں سبکدوش فوجی کو گولی مارے جانے پر کانگریس نے نظامِ قانون کو نشانے پر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اتراکھنڈ کے منہدم لاء اینڈ آرڈر نے ریٹائرڈ بریگیڈیئر کی جان لے لی۔ بی جے پی حکومت کو شرم آنی چاہیے۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ کانگریس نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں نظامِ قانون کی حالت زار کو دکھایا گیا ہے۔ بیک گراؤنڈ سے آواز دی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ’’دہرادون میں صبح کی سیر پر نکلے سبکدوش بریگیڈیئر وی کے جوشی جی کا دن دہاڑے قتل صاف ظاہر کرتا ہے کہ اتراکھنڈ کا نظامِ قانون پوری طرح تباہ ہو چکا ہے۔‘‘
اس ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’سرحد پر ملک کی حفاظت میں زندگی وقف کرنے والے آج اپنے شہر میں ہی غیر محفوظ ہیں۔ عام آدمی ڈر کر جینے کو مجبور ہے۔‘‘ ساتھ ہی کہا جا رہا ہے کہ ’’بی جے پی حکومت میں صرف جرائم پیشے بے خوف اور محفوظ ہیں۔ کبھی امن اور تحفظ کی پہچان رہا اتراکھنڈ بی جے پی کی غیر ذمہ دار قیادت میں تشدد، قتل اور خوف کے سایہ میں سمٹ کر رہ گیا ہے۔ شرمناک!‘‘
دہرادون قتل واقعہ پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’دہرادون میں صبح کی سیر پر نکلے ایک سبکدوش بریگیڈیئر وی کے جوشی کا دن دہاڑے بے رحمی سے قتل صاف ظاہر کرتا ہے کہ اتراکھنڈ کا نظامِ قانون پوری طرح تباہ ہو چکا ہے۔ سرحد پر ملک کی حفاظت میں زندگی وقف کرنے والے آج اپنے ہی شہر میں غیر محفوظ ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے ریاست کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی راج میں صرف جرائم پیشے بے خوف اور محفوظ ہیں۔ ہمارا اتراکھنڈ آج بی جے پی کی غیر ذمہ دارانہ قیادت میں تشدد، قتل اور خوف کے سایے میں سمٹ کر رہ گیا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔





































